• news

راجن پور: چھوٹو گینگ کی گرفتاری کیلئے آپریشن تیز، سہولت کاروں سمیت 110 مشتبہ گرفتار

راجن پور (آن لائن+ این این آئی) راجن پور میں ڈاکوئوں کے خلاف جاری آپریشن چھٹے روز میں داخل ہو گیا۔ 7 اضلاع کی پولیس چھوٹو گینگ سمیت ساٹھ اشتہاری ڈاکوئوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر رہی ہے جسے مزید تیز کر دیا گیا ہے جس کے دوران سہولتکاروں سمیت 110 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق چھٹے روز بھی کچے میں چھوٹو گینگ سمیت ساٹھ اشتہاری ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن جاری ہے تاہم کچا جمال ون اور کچا جمال ٹو پر ڈاکوئوں کا قبضہ بدستور برقرار ہے پولیس نے نوگو ایریا ختم کرانے کے لئے گرینڈ آپریشن شروع کردیا ہے۔ گرینڈ آپریشن میں ملتان، مظفرگڑھ، لیہ، ڈی جی خان اور رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر کے سولہ سو پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک ڈاکوئوں کے کئی سہولتکاروں سمیت 110 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں چھوٹو گینگ کی سرکوبی کے خلاف کارروائی کو ’’ضرب آہن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ’’ضرب آہن‘‘ میں سندھ اور پنجاب کے 7 اضلاع کی پولیس کے ایک ہزار 600 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ڈی پی او غلام مبشر میکن کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس نے چھوٹو گینگ کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیاہے، اب تک آپریشن میں 110 سہولت کار گرفتارکئے جاچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن