• news

مقبوضہ کشمیر: کشمیری مجاہد کی شہادت کے خلاف مکمل ہڑتال، بھارتی فورسز پر پتھرائو، آزادی کے حق میں نعرے

سری نگر (اے این این) مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری مجاہد کی شہادت کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ مختلف مقامات پر مظاہرین نے بھارتی اہلکاروں پر پتھرائوکیا جس سے درجنوں گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے۔ بھارتی فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ادھر جے کے ایل ایف کے سربراہ یاسین ملک نے کہا ہے کہ پانچ لاکھ کنال سے زائد زمین فوج کے حوالے کرنا قبضے کو دوام بخشنے کے مترادف ہے۔جبکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں‘ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران مقامی مجاہد مشتاق احمد کی شہادت پر اننت ناگ اورکوکر ناگ کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز مکمل ہڑتال کی گئی اور اس دوران مظاہرین نے کئی جگہوں پر پولیس پر پتھرائو بھی کیا۔ بیشترعلاقہ جات میں جزوی طور پر دکانیں ، کاروباری ادارے بند رہے علاوہ ازیں شہید مجاہد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کیلئے آنے والے لوگوں کی آمد کا سلسلہ بھی صبح سویرے ہی شروع ہوگیا اور دن بھر جاری رہا۔ قبل ازیں صبح کے وقت اننت ناگ کے کئی علاقوں میں اچانک نوجوان ٹولیوں کی صورت میں سڑکوں پر اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے نکل آئے۔ مظاہرین نے پولیس اور فورسز پر پتھرا کیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت سید علی گیلانی نے شہید مجاہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ لوگ جس تعداد میں شہید مجاہدوں کے جنازہ جلوسوں میں شرکت کررہے ہیں۔ وہ پوری عالمی برادری، بھارتی حکومت اور اس کی مقامی انتظامیہ کیلئے چشم کشا ہے۔ جبکہ حریت ترجمان کا کہنا ہے کہ شہید مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو ہر صورت اور ہر قیمت پر جاری رکھا جائے۔ علاوہ ازیں لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ لداخ خطے میں پانچ لاکھ کنال سے زائد زمین بھارتی فوج کے حوالے کرنے سے جموں کشمیر کا پہلے سے تباہ حال ماحولیاتی نظام مزید تباہی کا شکار ہوگا۔ بھارت نے ہمیشہ جموں و کشمیر کو اپنی کالونی ہی گردانا اس لئے آئے روز اس قسم کے غیر قانونی ملٹری تسلط والے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں لیکن ان مکروہ اقدامات کے خلاف ہماری جدوجہد ہر سطح پر جاری رہے گی۔جبکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے اپنے بیان میں سانحہ گائوکدل کے شہداکو ان کی25ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں جدوجہد آزادی کے دوران گاکدل اور اس طرح کے دیگر دلخراش سانحات میں اپنی عزیزجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ ہم ان کے مشن کو پورا کرنے کے لئے وعدہ بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میںکبھی بھی اس طرح نہتے عوام پر گولیاں نہیں برسائی گئی لیکن مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ کر بلا کے مناظر دوہرائے۔

ای پیپر-دی نیشن