عراق: ڈرون حملہ، داعش کا راکٹ حملوں کا ماہر ہلاک، جنگجو تنظیم کے قید خانے سے1500 افراد بازیاب
بغداد+واشنگٹن ( رائٹرز +صباح نیوز+اے پی پی) عراق میں راکٹ حملوں کا ماہر داعش کا رہنما جاسم فاریجہ ڈرون حملے میں مارا گیا ۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی ۔ ادھر عراق میں سرکاری افواج نے داعش تنظیم کے ایک زیرزمین قیدخانے سے تقریبا 1500افراد کو آزاد کرا لیا ہے۔ حکام کے مطابق زیرحراست افراد کو مغربی صوبے الانبار میں داعش کے ایک اہم ترین گڑھ سمجھے جانے والے ہیت ڈسٹرکٹ سے بازیاب کرایا گیا۔عراقی فورسز دریائے فرات کے ساتھ واقع ڈسٹرکٹ ہیت کے کچھ حصے پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔ ملک کے مغربی حصے میں شدت پسندوں کو اس مرکزی گڑھ میں شکست سے دوچار کرنے کے لیے معرکوں کا سلسلہ جاری ہے۔ادھر عراقی فوج کے کرنل فاضل النمراوی نے بتایا کہ "سیکورٹی فورسز کے ہیت کو داعش سے آزاد اور کلیئر کرانے کے لیے پیش قدمی کے دوران ایک بڑا قیدخانہ مل گیا"۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیرزمین بنائے گئے اس قیدخانے میں عراقی فورسز کو تقریبا 1500افراد ملے جن کو تنظیم نے گرفتار کرکے رکھا ہوا تھا، فورسز نے تمام افراد کو رہا کر دیا۔ ادھر امریکہ کی قیادت میں اتحادی فوج نے شدت پسند تنظیم داعش کے عراق اور شام میں واقع ٹھکانوں پر 26 فضائی حملے کئے۔امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اتحادی افواج نے داعش کے خلاف عراق میں 7 حملے قاہرہ شہر کے قریب کئے گئے۔حملے میں تنظیم کے 3سٹریٹجک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔