ناقص سکیورٹی پر بند روڈ، ریواز گارڈن اور اقبال ٹائون میں 7 بنکوں کی برانچیں بند
لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹائون ڈویژن پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے پر 7 بنکوں کو بند کردیا۔ پولیس نے بنکوں کو سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کے حوالے سے ہدایت نامہ بھجوایا تھا جس کے مطابق متعدد بنکوں نے عمل نہ کیا سکیورٹی انتطامات بہتر نہ کئے۔ پولیس نے ان بنکوں کو سکیورٹی انتظامات مکمل ہونے تک بند کرنے کے احکامات جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں اقبال ٹائون ڈویژن کے 7 بنک برانچوں کو بند کرنے کا نوٹس بھجوایا ہے۔ پولیس کے مطابق طے کردہ ایس او پی کے مطابق سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے پر ہی بنک برانچوں کو کھلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ جن بنکوں کو بند کیا گیا ہے وہ بنک برانچیں بند روڈ، ریواز گارڈن اور اقبال ٹائون ڈویژن کے دیگر علاقوں میں واقع ہیں۔