مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج ختم، محبوبہ مفتی نے پہلی خاتون کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا
جموں (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر سے گورنر راج کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی مقبوضہ کشمیر کی پہلی خاتون کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بن گئی ہیں۔ پیر کے روز گورنر ہائوس جموں میں محبوبہ مفتی سے گورنر این این ووہرا نے اردو زبان میں حلف لیا۔ محبوبہ مفتی نے گورنر کے سامنے حلفا کہا کہ بھارت کی خودمختاری اورسا لمیت کوبرقراررکھوں گی۔ انہوں نے اپنے والد مفتی سعید کے برعکس بھارتی آئین کے بجائے ریاستی آئین کے تحت حلف اٹھایا۔ گورنر نے بعد ازاں کابینہ کے 22 ارکان سے بھی حلف لیا بی جے پی کے رہنما ڈاکٹر نرمل نے نائب وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ نئی کابینہ میں پی ڈی پی کے 11 اور بی جے پی کے 11وزراء شامل ہیں۔ جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون بی جے پی کے کوٹے سے وزیر بن گئے ہیں۔ سجاد لون جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان کے داماد ہیں۔ تقریب حلف برداری کے پیش نظر سرمائی دارلحکومت جموں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے اور اس سلسلے میں گورنر ہائوس، سول سیکرٹریٹ اور دیگر اہم سرکاری تنصیبات کے گردو نواح میں اضافی سکیورٹی دستے تعینات تھے۔ واضح رہے 7جنوری2016کونئی دہلی کے ایک ہسپتال میں وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کا انتقال ہوجانے کے اگلے روز 8جنوری سے ریاست میں گورنرراج نافذ تھا۔ تقریب حلف برداری کے ساتھ ہی جموں وکشمیرمیں گزشتہ 84دنوں سے جاری گورنرراج کابھی خاتمہ ہو گیا ہے۔