• news

بارشیں: خیبر پی کے، گلگت ، آزاد کشمیر میں جاں بحق افراد کی تعداد78 ہو گئی، کوہستان میں30 افراد تودے تلے دب گئے

کوہستان+ بشام+ سوات (نوائے وقت پورٹ+ ایجنسیاں) خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے دوران مختلف واقعات اور حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 78 ہوگئی۔ سو سے زائد افراد زخمی ہیں، گلگت بلتستان میں تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔ کوہستان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 5 مکانات تباہ ہو گئے اور 30 افراد ملبے تلے دب گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے میں بارش سے ہونے والی تباہ کاریاں تھم نہ سکیں، سب سے زیادہ نقصان شانگلہ اور کوہستان میں ہوا، شانگلہ میں بارش کے دوران غوربند، چسرکر کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف حادثات میں دو سو سے زائد مکانات منہدم اور 19 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 41 سے زائد زخمی ہوئے۔ کوہستان میں اوتور نالہ کے مقام پر چار مکانات پر آسمانی بجلی گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد کوہستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 18ہوگئی، حادثات میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ شاردہ کے علاقے میں مکان مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سوات میں بارش سے چار باغ، مالم جبہ، کبل، کلہ گئی، کوکاری میں سب سے زیادہ نقصانات ہوئے، حادثات میں 9 افراد جاں بحق، چار زخمی ہوئے۔ اپر دیر میں 7 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے، مانسہرہ میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، چترال میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے، بٹ گرام میں دو افراد جاں بحق، بنوں میں بھی دو افراد جاں بحق ہوئے، مالاکنڈ اور چارسدہ میں بھی ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔ گلگت بلتستان میں بھی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے، بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، جس کے بعد صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں، آزاد کشمیر میں وادی نیلم کے علاقے خام گام لینڈ سلائیڈنگ سے پانچ بچے اور تین خواتین جان سے گئے۔ ادھر بشام کروڑہ روڈ رانیال کے مقام پر مکمل طور پر خان خواڑ دریا میں بہہ گیا، کئی مقامات پر رہائشی مکانات اور دکانیں پانی میں ڈوب گئے، درجنوں مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے بشام الپوری روڈ بند، کروڑہ چکیسر روڈ، یخ تنگی پورن روڈ سمیت 28سے زائد لنک روڈز بند ہو گئے۔ شاہراہ قراقرم بھی بند ہو گئی۔ آئی این پی کے مطابق سوات کے علاقے مالم جبہ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں، بیٹا جاں بحق اور 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ آن لائن کے مطابق کوہستان کی تحصیل کندیاں کے علاقے اتھور میں مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ مکانات تباہ اور 30 افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ اتوار کی شب کو پیش آیا۔ ڈی پی او کوہستان علی رحمت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملبے تلے دبے ہوئے افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لئے کام کر رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی تھیں تاہم راستہ بند ہونے کے باعث متاثرہ علاقے میں پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیمیں بروقت نہ پہنچنے پر صوبائی حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا ہے۔ آن لائن کے مطابق خیبر پی کے کے صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق انیس نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے خیبر پی کے میں 47 ہلاکتیں، 37 زخمی اور 141گھر تباہ ہوئے ہیں، کوہستان کندن ویلی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 30 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش تاحال جاری ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور لوکل انتظامیہ کو امدادی رقوم جاری کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے اس میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو تین لاکھ زخمیوں کو ایک لاکھ اور معمولی زخمیوں کو پچاس ہزار کی رقوم دی جائے گی۔ کوہستان، شانگلہ، چترال، بونیر، سوات اور دیگر اضلاع میں تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو ایک ایک لاکھ اور جزوی تباہ ہونے والے مکانوں کے مالکان کو 50، 50 ہزار روپے دئیے جائینگے۔ امدادی کارروائیوں کے طور پر دو سو ٹینٹ، چار سو کمبل اور رضائیاں متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں۔ خیبر پی کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پی کے میں بارش کے باعث حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 57 ہو گئی ہے۔ طوفانی بارشوں سے 141 گھر تباہ ہوئے آسمانی بجلی گرنے سے علاقے میں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ علاوہ ازیں شانگلہ میں بارشوں نے تباہی مچا دی شاہراہ ریشم، شاہراہ سوات اور رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئیں۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے خیبر پی کے گلگت بلتستان کا مواصلاتی نظام متاثر ہوا۔ شاہراہ قراقرم سمیت مختلف شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئیں۔ آرمی انجینئرز نے چترال، مظفر آباد اور متعدد مقامات پر سڑکیں کھول دیں۔

ای پیپر-دی نیشن