سرفراز مرچنٹ کی اچانک پاکستان آمد، ایف آئی اے کو بیان ریکارڈ، منی لانڈرنگ کے ثبوت حوالے کر دئیے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم کردار برطانوی تاجر سرفراز مرچنٹ اچانک پاکستان پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق سرفراز مرچنٹ 31 مارچ کو کراچی پہنچے جہاں انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔ گزشتہ روز انہوں نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں حکام کے سامنے منی لانڈرنگ کیس اور ایم کیو ایم کے ’’را‘‘ سے مبینہ تعلقات کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرایا اور دستاویزی ثبوت اور سکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ حکام کے حوالے کی۔ سرفراز مرچنٹ سے ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کی سربراہی میں ٹیم نے 3گھنٹے تک سوالات کئے۔ ذرائع کے مطابق سرفراز مرچنٹ کے ایف آئی اے حکام کے ساتھ بیان ریکارڈ کرانے کے سلسلے میں 2 سیشن ہو چکے جبکہ ایف آئی اے نے بیان کے حوالے سے رپورٹ کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ اگلے 48گھنٹوں میں رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی جائیگی۔ جس کے قانونی پہلوئوں کا جائزہ لینے کے بعد وزارت داخلہ متحدہ کی قیادت کیخلاف مزید تحقیقات کا فیصلہ کریگی۔