قوم کا غیر متزلزل اعتماد ہی فوج کا اصل سرمایہ ہے، توقعات پر پورا اتریں گے: آرمی چیف
پبی/راولپنڈی(اے این این) چیف آف آرمی سٹاف جنرل ر احیل شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج پر قوم کا غیرمتزلزل اعتماد ہی ہمارا اصل اثاثہ ہے، انشاء اللہ توقعات پر پورا اتریں گے، مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پاک فوج کو جسمانی اور ذہنی طورپر مضبوط ہونا ہوگا، قربانی اور حب الوطنی کا جذبہ ہمیں مصیبت میں مضبوط قوت عطا کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی میں تربیتی علاقے کا دورہ کیا پاک آرمی ٹیم سپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب دیکھی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہاکہ جسمانی فٹنس، حب الوطنی اور قربانی کے جذبے نے پاک فوج کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا حامل بنادیا ہے مختلف علاقوں میں ہمہ جہت چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے لئے اس طرح کے مقابلے اہم ہیں۔ مسلح افواج پر قوم کا غیرمتزلزل یقین ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، انشاء اللہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ پاک فوج ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، تمام چیلنجز کا موثر طور پر سامنا کیا جائے گا۔ وطن کی محبت اور قربانی کا جذبہ پاک فوج کو دنیا کی بہترین فورسز میں شامل کرتا ہے اور یہی جذبہ ہر مشکل حالت کا سامنا کرنے کی بھی ہمت دیتا ہے۔ واضح رہے کہ آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے منگلا کے قریب پہاڑی علاقوں میں پانچ روز تک جاری رہے۔ مقابلوں میں پاک فوج کی تمام کور اور سری لنکا آرمی ٹیم نے بھی شرکت کی جبکہ چین، سعودی عرب، تاجکستان اور مالدیب نے بطور مبصر شرکت کی۔ آرمی چیف نے کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت قومی و داخلی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، وزیر داخلہ چودھری نثار اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں ہونے والی پیش رفت پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کا پنجاب میں آپریشن کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر بحث آیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکا کو پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور کے واقعہ کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور، را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضرب عضب کے دوران نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ بحالی اور شمالی وزیرستان کی تعمیر نو سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے‘ آپریشن ضرب عضب مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا‘ آپریشن کی وجہ سے دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اس لئے معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنارہے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے، قومی اور عسکری قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک سے ہرحال میں شدت پسندی کا خاتمہ کرنا ہے‘ دہشتگردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن مرحلہ آن پہنچا ہے‘ قومی قیادت کو آپریشن ضرب عضب اور فورسز کی جانب سے مختلف کارروائیوں پر بھی اعتماد میں لیا گیا۔ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضرب عضب کے دوران نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ بحالی اور شمالی وزیرستان کی تعمیر نو سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔