• news

خالدہ ضیا کا آج عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ‘ ضمانت کیلئے درخواست دائر کرینگی

ڈھاکہ (بی بی سی) بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک بس پر آتشگیر مادہ سے حملہ کرنے کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد درخواست ضمانت حاصل کرنے کے لئے عدالت میں پیش ہوں گی۔ گذشتہ سال حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہونے والے حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ سابق وزیراعظم کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے احکامات کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں۔ وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی جانب سے بنگلہ دیش میں تشدد کی بڑھتی ہوئی لہر کے لئے بی این پی اور ان کی اتحادی جماعتِ اسلامی کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق خالدہ ضیا کے وکیل نے بتایا کہ منگل کے روز سابق وزیر اعظم عدالت کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کریں گی۔ وہ گذشتہ سال حکومت مخالف مظاہرے کے دوران بس پر مہلک پٹرول بم حملے کے لئے بھڑکانے کے الزام میں دائر مقدمے میں ضمانت کی درخواست کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن