یاسین اختر اور صدیق میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل آج ہونگے
لاہور(نمائندہ سپورٹس) 13 ویں محمد صدیق میموریل اور31 ویں محمد یاسین اختر میموریل کرکٹ ایونٹ کے فائنلز آج 5 اپریل منگل کو ایل سی سی اے گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔ محمد صدیق میموریل ٹورنامنٹ کا فائنل پنجاب کلب اور اپالو کلب کے مابین صبح 9بجے شروع ہو گا۔دونوں کلبیں پہلی مرتبہ فائنل کھیل رہی ہیں۔ایل آر سی اے کے سابق سیکرٹری میاں جاوید علی فائنل میچ کا افتتاح کرینگے۔ محمد یاسین اختر میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ماڈل ٹاؤن کلب اور ماڈل ٹاؤن گرینز کے مابین سہ پہر 12:30بجے شروع ہو گا۔ ماڈل ٹاؤن کلب نویں جبکہ ماڈل ٹاؤن گرینز چوتھی مرتبہ فائنل کھیل رہی ہے۔ویسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوشاد فائنل میچ کا افتتاح کریں گے۔ دونوں فائنلز میں ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کی ایک بہت بڑی تعداد ایکشن میں نظر آئیگی۔ بعد ازاں دونوں ایونٹس اور توصیف ٹرافی کی تقریب 4 بجے ہو گی جس میں ایل آر سی اے کے صدر خواجہ ندیم احمد, زونل صدور, سیکرٹری صاحبان اور آرگنائزرز کی ایک کثیر تعداد شرکت کرے گی۔