• news

اسلام آباد دھرنا‘ انتظامیہ نے ذمہ داری راولپنڈی کی ایڈمنسٹریشن پر ڈال دی

اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) سپیشل سیکرٹری داخلہ شعیب صدیقی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے ممتاز قادری کے چہلم کے شرکاء کے اسلام آباد میں داخلے اور ریڈزون میں دھرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے کمیٹی کو راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس کے افسروں نے بیانات قلمبند کروا دیئے ہیں، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے چہلم کے شرکاء کے اسلام آباد میں داخل ہونے کی ذمہ داری راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس پر ڈال دی۔ ذرائع کے مطابق سپیشل سیکرٹری داخلہ شعیب صدیقی کی سربراہی میں قائم تین رکنی انکوائری کمیٹی نے پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں، تین رکنی کمیٹی نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر متعلقہ افسران کے بیانات ریکارڈ کئے ہیں جبکہ راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران نے بھی کمیٹی کو اپنے بیانات قلمبند کروا دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی کے سامنے موقف اختیار کیا ہے کہ راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کی غیر ذمہ داری کے باعث چہلم کے شرکاء اسلام آباد میں داخل ہوئے ہیں، ذرائع کے مطابق کمیٹی نے اپنی رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی ہے اور یہ رپورٹ جلد وزیر داخلہ کو پیش کر دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن