غداری کیس میں ناقص انکوائری سے متعلق اپیل، مشرف، شوکت عزیز اور دیگر کو نوٹس جاری
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی فیصلے میں آرٹیکل چھ کے مقدمہ میں ناقص انکوائری کے پیرے کو حذف کرنے سے متعلق وفاق کی اپیل پر مشرف، شوکت عزیز سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشرف ، شوکت عزیز ، جسٹس (ر) عبدالحمید ڈوگر اور وفاقی وزیر زاہد حامد کی جانب سے خصوصی عدالت کے فیصلہ کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کو پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ کے مقدمہ میں ناقص انکوائری کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا جس پر نظرثانی کے لئے وفاق نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی نے استدعا کی کہ دس نومبر کے فیصلے میں آرٹیکل چھ کے مقدمہ کی ناقص انکوائری سے متعلق پیرے کو حذف کیا جائے۔