ڈیرہ غازی خان :مدرسہ کی بوسیدہ چھت تعلیم میں مصر وف بچوں پر آن گری 6 جاں بحق
ڈیرہ غازی خان/ لاہور (ایجنسیاں+ خصوصی رپورٹر) ڈیرہ غازی خان میں مدرسے کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گیدڑ والا بائی پاس کے قریب واقع مدرسے میں بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے کہ بارشوں کے باعث بوسیدہ ہونے والی چھت اچانک نیچے آگری جس کی وجہ سے تمام بچے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور امدادی کارکنوں کے علاوہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ بتایا گیا ہے کہ مدرسے کی چھت بوسیدہ ہوچکی تھی اور بارشوں کی وجہ سے وہ مزید بوجھ برداشت نہ کر سکی اور نیچے آگری۔ ملبے تلے دبے 6 بچوں کی نعشیں نکالی گئیں جبکہ 14 بچوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ 8 طلبہ تاحال ملبے تلے دبے ہیں اور ان کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ آن لائن کے مطابق پولیس اور مدرسہ انتظامیہ کے مطابق مدرسے کی دوسری منزل کے اوپر تعمیرات جاری تھی کہ اچانک مدرسے کی چھت گر گئی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈیرہ غازیخان میں مدرسے کی چھت گرنے سے طالب علموں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے طالب علموں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔