بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میںبھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر پابندی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست مقامی پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے دائر کی ہے جس میں پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ فلموں کی نمائش سے جہاں بھارتی فلمیں نوجوانوں میں بے راہروی کا باعث بن رہی ہیں وہاں ملکی قوانین کی خلاف ورزی بھی ہے۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ بھارتی فلموں کی نمائش موشن پکچرز آرڈیننس 1979ء کی خلاف ورزی ہے اور بھارتی فلموں کی ملکی سنیما گھروں میں نمائش امپورٹ پالیسی 2013 کے منافی ہے۔