کنول صحت یاب، پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت، ساتھی ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا
لاہور (کلچرل رپورٹر) نامور اداکارہ اور رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان مکمل طور پر صحت یاب ہوگئیں۔ گذشتہ روز انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی جب وہ پنجاب اسمبلی کے صدر دروازے پر پہنچیں تو انکی ساتھی ارکان اسمبلی نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انکا زبردست استقبال کیا۔ اس موقع پر کنول نعمان نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ جنہوں نے مجھے نئی زندگی بخشی۔ میں ان تمام دوست احباب کی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے لئے دعائیں کیں۔ میں سمجھتی ہوں کہ سرکاری ہسپتالوں میں بہت اچھا علاج ہوتا ہے۔ کنول نعمان جب ایوان میں پہنچیں تو ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر ان کا زبردست استقبال کیا۔ یاد رہے کہ کنول 31 جنوری کو اپنے گھر پر تھیں اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے تیار ہو رہی تھیں کہ ان کے دماغ کی شریان پھٹ گئی اور وہ بیہوش ہو گئیں انہیں فوری طور پر جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر تقریباً ایک ماہ زیر علاج رہیں۔ چند روز قبل ان کے دماغ کی متاثرہ شریان کا آپریشن جنرل ہسپتال میں کیا گیا جس کے بعد وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئیں۔