• news

شوکت خانم ہسپتال اکائونٹس کی تصدیق کوئی بھی کر سکتا ہے، جواب دینے کی بجائے کرتوت چھپائے جا رہے ہیں: عمران

پشاور+ شیخوپورہ+ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ اب نہیں دبے گا۔ اب حالات ایسے ہیں کہ لمبے دھرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑیگی۔ انہوں نے خیبر پی کے میں نیا احتساب ایکٹ لانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کرپشن کے خلاف جدوجہد میں سب سے آگے تھی اور رہے گی۔ اقتدار میں رہ کرکوئی اپنے بزنس کو فائدہ نہیں پہنچا سکے گا۔ خیبر پی کے پولیس کو غلامی نہیں خودمختاری دینا چاہتے ہیں۔ کوشش ہے کہ تحفظ خواتین بل کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ عمران نے کہا کہ حکمران آف شور کمپنیوں میں پیسہ لگاتے ہیں اور بھیجنے کا ذریعہ بھی نہیں بتاتے۔ ریٹائرڈ جج کے تحت جوڈیشل کمشن کو کوئی نہیں مانے گا۔ ڈی چوک یاد آ رہا ہے، ہو سکتا ہے اتنے لمبے دھرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں عمران نے کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کا 3 ملین ڈالر انڈومنٹ فنڈ میں انویسٹ کیا گیا جولائی 2015ء میں رقم واپس مل گئی تھی جواب دینے کی بجائے اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالا جا رہا ہے یہ شریفوں کا پرانا طریقہ ہے خیراتی ادارے کو کرپشن چھپانے کیلئے بدنام کرنا شرمناک ہے، شوکت خانم کے اکائونٹس کی تصدیق کوئی بھی کر سکتا ہے اس بار نواز شریف بچ نہیں پائیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ حلفیہ کہتا ہوں عمران خان کی بیرونی ملک کوئی کمپنی نہیں۔ ویب سائٹ پر تمام لیڈروں کے اثاثے موجود ہیں پرویز رشید وضاحت کیلئے حکومتی ذرائع کیوں استعمال کر رہے ہیں۔ عمران کے دشمن بھی ان کی پاک دامنی کا اعتراف کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی آج پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرے گی۔ مزاحمت کی گئی تو ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر وزیراعظم کو وضاحت سے جواب دینا ہوگا پانامہ لیکس پر 3 حاضر سروس ججوں پر مشتمل کمشن بنایا جائے۔ شیخوپورہ یس نامہ نگار خصوصی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے جعلی کمپنیاں بناکر ملک کے عوام کی دولت دونوں ہاتھوں سے لوٹی۔ تحریک انصاف حکمرانوں کی کرپشن کیخلاف ہر پلیٹ فارم پر علم بلند کرینگے‘ عوام کے حقوق کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ہمارے وزیراعظم کا قوم سے خطاب صفائی کم دہائی زیادہ تھی 2018ء کا الیکشن تبدیلی کا الیکشن ہے۔ عمران کی دیانتداری پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وہ تحریک انصاف کے رہنما چودھری محمد نواز ورک کی رہائشگاہ پر تحریک انصاف پنجاب کے امیدوار برائے صدر چودھری شفقت محمود کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں پارٹی ورکروں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا پانامہ لیکس کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں جس طریقے سے جوڈیشل کمشن بنایا جا رہا ہے ہمیں قبول نہیں۔ پرویز رشید آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں چھوٹا سا طبقہ چوربازاری سے امیر ہو گیا۔ نواز شریف عوام سے لوٹے پیسوں کا حساب دیں۔

ای پیپر-دی نیشن