• news

ساہیوال، کسووال اور حافظ آباد سمیت کئی شہروں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ

ساہیوال/ کسووال/ حافظ آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھنے لگا۔ ساہیوال، کسووال اور حافظ آباد سمیت کئی شہروں میں گھنٹوں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔ تفصیل کے مطابق ساہیوال شہر اور گردونواح میں موسم بدلتے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی، شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6گھنٹے سے بڑھ کر 8گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے جبکہ شہر ی علاقوں میں پانی کی قلت ہونے سے نمازیوں کی بھی مشکلات بڑھ گئی ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آٹھ گھنٹے سے بڑھا کر دس گھنٹے کر دیا گیا۔ شہری اور دیہی علاقوں میں دو سے چار چار گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔کسووال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ نے عوام کی مشکلات کو عروج تک پہنچا دیا لوڈشیڈنگ میں کمی ہونے کی بجائے اس میں مزید اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ حافظ آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔ دن اور رات کے دوران بجلی کی آٹھ سے دس گھنٹے بندش سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے۔ پاور لومز لیبر یونین کے ضلعی صدر محمد زمان انصاری نے واپڈا کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو فوری طر پر ختم کرکے لوڈ شیڈنگ کا شیدول جاری کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن