جہلم: چوری شدہ جنگلی بھیڑوں کے 6 بچے بازیاب، 2 پولیس اہلکار معطل
اسلام آباد (اے ایف پی) جہلم میں چوری کئے گئے جنگلی بھیڑوں کے 6 نومولود بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ٹیڑھے سینگوں والی پاکستانی جنگلی بھیڑ ’’یوریل‘‘ کے ان میمنوں کو غیرقانونی طور پر اٹھایا گیا تھا۔ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے مطابق اس نسل کو پاکستان میں خطرہ لاحق ہے۔ پاکستان میں ان کے شکار پر پابندی ہے۔ وائلڈ لائف کے عہدیدار رانا شہباز نے بتایا کہ ان میمنوں کو 2 پولیس اہلکاروں نے اٹھایا تھا۔ میمنے بہت حساس ہوتے ہیں اور جب انہیں مائوں سے دور کیا جائے تو یہ اکثر مر جاتے ہیں۔ انہیں پکڑنے کے بعد عدالت کے سامنے بھی لایا گیا، عدالت نے ان میمنوں کو لاہور کے چڑیا گھر بھیجنے کا حکم دیا۔ دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ جہلم کے جنگل میں ایک اندازے کے مطابق ایسی ڈھائی ہزار بھیڑیں موجود ہیں۔