ننکانہ: ویگن میں سلنڈر لیکج سے آگ لگ گئی، 3 مسافر زخمی
ننکانہ صاحب + مانگٹانوالہ (نامہ نگاران) لاہور جڑانوالہ روڈ پر واقع سوکڑ نہر کے قریب مسافر ویگن میں ایل پی جی گیس سلنڈر لیکج کے باعث آگ لگ گئی، تین مسافر زخمی جبکہ مسافر ویگن بری طرح جل کر تباہ ہوگئی۔ لاہور سے جڑانوالہ جانیوالی مسافر ویگن جب مانگٹانوالہ کے قریب سوکڑ نہر پر پہنچی تو ایل پی جی گیس سلنڈر کے لیکج کے باعث ویگن کو اچانک آگ لگ گئی لوگوں نے اپنی جانیں بچانے کے لئے ویگن سے چھلانگیں مارنا شروع کردیں جبکہ قریبی آبادی کے لوگ بھی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے مسافروں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا ، ویگن سے باہر نکلتے وقت افراتفری کے عالم میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کے عملہ نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد موقع پر ہی فارغ کردیا جبکہ دیگر تمام مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے پولیس تھانہ مانگٹانوالہ نے ویگن ڈرائیور شاہنواز کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔