نادرا کی نشاندہی پر 35 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانا ممکن نہیں: ایف بی آر
اسلام آباد (فواد یوسف زئی، دی نیشن رپورٹ) ایف بی آر کے چیئرمین نثار محمد خان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس کو بتایا کہ نادرا کی نشاندہی پر 35 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانا ناممکن ہے۔ نادرا کی نشاندہی کے بعد 3 لاکھ باصلاحیت افراد کو نوٹس بھجوائے گئے ہیں، نادرا نے ان افراد کی نشاندہی غیرملکی دوروں، سکول فیس اور لگژری گاڑیوں کے حوالے سے کی تھی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں ہوا۔ چیئرمین نے بتایا اب تک ایک لاکھ 13 ہزار افراد نے ٹیکس ریٹرن فائل کیا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین مانڈوی وال نے کہا کہ 100 ملین پاکستانیوں کے پاس شناختی کارڈ ہیں اور حکومت کو ان کے قومی ٹیکس نمبرز شناختی کارڈز سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ایف بی آر کو نادرا سے تمام پاکستانیوں کی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیداد کا ریکارڈ حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے نان فائلرز کے بنک اکائونٹس بلاک اور جائیدادیں ضبط کرنے کی سفارش کی۔