• news

’’پاک سرزمین پارٹی‘‘ رجسٹریشن کے لئے درخواست، الیکشن کمشن نے اعتراضات لگا دئیے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) مصطفی کمال نے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمشن کو درخواست ارسال کر دی جس میں پارٹی چیئرمین کا نام ’’مصطفی کمال‘‘ لکھا گیا ہے تاہم الیکشن کمشن نے درخواست پر اعتراضات لگاتے ہوئے اسے نامکمل قرار دیدیا۔ الیکشن کمشن ذرائع نے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پارٹی رجسٹریشن ایکٹ کے تحت درخواست نامکمل ہے جس میں نہ تو پارٹی آئین ہے اور نہ ہی منشور واضح کیا گیا۔ درخواست میں پارٹی کی آمدنی کا ذریعہ ’’چندہ‘‘ بتایا گیا ہے جبکہ پارٹی کے اثاثہ جات کا بھی ذکر نہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی کے عہدیداروں کی تفصیل، انتخاب سے متعلق کوئی معلومات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ مصطفی کمال کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا وہ پولیٹیکل پارٹی ایکٹ کے تحت درخواست دیں۔ دوسری طرف پاک سرزمین پارٹی کو کراچی میں 24 اپریل کو مزارِ قائد کے جنوب میں واقع باغ جناح گرائونڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی، مزار قائد کی انتظامیہ کی جانب سے جاری اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ مزارِ قائد کی حفاظت اور دیکھ بھال کے حوالے سے کسی بھی قسم کی خلاف وزری کی ذمہ دار پارٹی ہو گی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ مزار قائد پر 24 اپریل کو جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔ الیکشن کمشن نے پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے مزید کوائف طلب کئے ہیں جو جلد جمع کرا دیئے جائینگے۔ دریں اثناء مصطفی کمال نے شہر قائد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملے۔ انہیں 24 اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن