• news

ڈولفن فورس کا دائرہ مزید4 شہروں تک بڑھانے کا فیصلہ، شہباز شریف نے سکولوں میں بچوں کے لئے داخلہ مہم کا افتتاح کر دیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت سکولوں میںبچوں کے داخلے کی مہم 2016ء کا افتتاح کردیا ہے۔ اس ضمن میں ماڈل ٹاؤن میں تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ معاشرے میں برداشت لانے اور اسے ترقی یافتہ، خوشحال اور توانا بنانے کیلئے تعلیم ہی بنیادی زیور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں تعلیم کی کرنیں کونے کونے تک پھیلانے کیلئے بے پناہ اقدامات کئے تاہم سکولوں میں بچوں کے 100 فیصد داخلے کو یقینی بنانے کیلئے سب کو ملکر کاوشیں جاری رکھنی ہیں۔ پوری قوم کو اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے حکومت کا ہاتھ بٹانا ہے ۔یہ وہ نیک کام ہے جس میں وزیراعلیٰ سے لیکر وزراء اور سیکرٹری صاحبان سے لیکر تحصیل و ضلع کی تمام سرکاری مشینری اور والدین کومتحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ آزادانہ سروے کے مطابق پنجاب میں 92 فیصد انرولمنٹ کے اہداف حاصل کئے جاچکے ہیں تاہم اسے برقرار رکھنا چیلنج ہے، اس سے نمٹنے کیلئے حکومت اور محکمہ تعلیم کے حکام کے ساتھ والدین کو بھی بھرپور ساتھ دینا ہو گا۔ تعلیمی اہداف حاصل کرنے کے لئے بے پناہ کاوشیں کی جارہی ہیں لیکن ہمیں اس میدان میں بے پناہ آگے بڑھنا ہے۔ پسماندہ علاقوں میں دانش سکولزبنائے گئے ہیں اور بنائے جارہے ہیں۔ اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ ذہین اورمستحق طلباء و طالبات میں تقسیم کیے گئے۔ 5ہزار ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبزکا قیام عمل میں لایاگیا۔ 7برس کے دوران ایک لاکھ 80 ہزار اساتذہ کو 100 فیصد میرٹ پر بھرتی کیا۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد کم وسیلہ طلباء و طالبات میں اربو ں روپے وظائف فراہم کیے گئے ہیں۔ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا ئو طالبات کو نقد انعامات دینے کا سلسلہ جاری ہے، انہیں بیرون ملک مطالعاتی دورے کرائے جا رہے ہیں۔ ان تمام اقدامات کے ساتھ میں اساتذہ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ بچوں کو اسی معیار کی تعلیم دیں جو پرائیویٹ سکولز مہیا کرتے ہیں۔ سکولوں میں اساتذ ہ کی حاضری 99فیصد ہونی چاہئیں۔ جن سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے اسے فوری طورپر دور کیا جانا چاہئے۔ معیاری تعلیم کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ضروری ہے۔ یہ وہ چیلنجز ہیں جن سے ہم سب نے ملکر نمٹنا ہے۔ قوم کے یہ بچے بھی اسی معیاری تعلیم کے حقدارہیں جس پر اشرافیہ کے بچوں کا حق ہے۔ وزیراعلیٰ نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان بھٹوں میںبچوں سے ظلم اور زیادتی ہو رہی تھی۔ میں نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کا بیڑا اٹھایا اورقوم کے مستقبل کو تباہی سے بچا کر سکولوں میں داخل کرایا ہے۔ ہزاروں بچے سکول جارہے ہیں، سینکڑوں مالکان کو جیلوں کی ہوا کھانا پڑی ہے۔ ہمیں نظام کو اتنا موثر اور ادارہ جاتی بنانا چاہئے کہ وہ خودبخود کام کرے۔ قوم کے یہ بچے اور بچیاں اسی معیاری تعلیم کے حقدار ہیں جو ہم اپنے بچوں کو دلواتے ہیں۔ارباب اختیار، متعلقہ محکموں کے وزرائ، سیکرٹری صاحبان اپنی ذمہ داری کو پہچانیں، خواب خرگوش سے نکل کر ذمہ داری کا احساس کریں۔ شہنشاہوں جیسی زندگی بسر کرنی ہے تو وسائل کم ہوںگے، اپنی ذات کیلئے جینا ہے اوراپنے بچوں کیلئے مہنگی گاڑیاں منگوانی ہیں تو وسائل کم ہوں گے لیکن میں یہ نہیں ہونے دوں گا۔ قوم کے بچوں اور بچیوںکو معیاری تعلیم دینے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ عام آدمی کی بات کی جائے تو اشرافیہ کو برا لگتا ہے اور لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بھی عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے لیکن مٹھی بھر اشرافیہ اس عظیم الشان منصوبے کی راہ میں پتھر حائل کررہی ہے۔ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوںکہ قوم ان پتھروں کو ہٹائے گی اوراشرافیہ کا گریبان ہوگا اور عوام کا ہاتھ ہوگا۔ اشرافیہ نے اگر خوشحالی کے انقلاب میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو یہ خونیں انقلاب بن کر انہیںتباہ و برباد کر دے گا۔ اشرافیہ اس وقت سے ڈرے جب عا م آدمی کے ہاتھ اس کے گریبان تک پہنچیں گے۔ تعلیم، صحت، معاشی و معاشرتی انصاف،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورٹرانسپورٹ کی معیاری سہولتوں کے منصوبے عام آدمی کے لئے ہیں، ہم نے ایسا نظام بنانا ہے کہ اشرافیہ کسی بھی اس منصوبے میں رکاوٹ ڈال کر انصاف کا قتل نہ کر سکے۔ میرا یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا اور حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنے گا۔ شہباز شریف نے بچوں کے داخلہ فارم پر دستخط کرکے داخلہ مہم برائے سال 2016 کا باقاعدہ آغاز کیا اور بچوں کو کتابیں، بیگ اور سٹیشنری دی۔وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے معروف سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین عبدالقادر توران کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ترک وفد نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک پنجاب کی تاریخ کا دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔ دہشت گرد اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں، سفاک درندوں کا کوئی مذہب نہیں۔ پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مفید معاشی تعاون میں ڈھل رہے ہیں۔ ترکی کی کئی کمپنیاں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ لاہور میٹروبس پراجیکٹ پاک ترک دوستی کی زندہ مثال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدار ت اجلاس میں ڈولفن فورس کا دائرہ کار مزید 4 بڑے شہروں میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ لاہور کے بعد ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی ڈولفن فورس کا قیام عمل میں لایا جائیگا، بڑے شہروں میں ڈولفن فورس کے قیام سے سٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔ ڈولفن فورس پنجاب پولیس کا نیا چہرہ ہے جس سے عوام کو بہت توقعات ہیں اور ڈولفن فورس کے جوان اس پر پورا اتریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے قابل تجدید ذرائع سے بجلی کا حصول ناگزیر ہے اور پنجاب میں بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ لگانے کا بہت پو ٹینشل ہے۔ وزیراعلیٰ نے بائیوماس سے سمال پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے کے امور میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات کا پیٹ بھرنے اور زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا، اس ضمن میں عملی طور پر درست سمت میں اقدامات کرنا ہوں گے، مجھے صرف نتائج اور کام چاہئے۔ توانائی کے منصوبوں میں تاخیر کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام کیلئے پالیسی کی منظوری دی گئی اور زبان سکھانے کے سکالرشپ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت طلبا و طالبات کو غیرملکی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لئے بھیجا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق طلباء و طالبات کو ملکی یونیورسٹیوں میں ماسٹر لیول کی تعلیم کیلئے بھی وظائف دیئے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے طلباء و طالبات کو اعلی تعلیم کیلئے تمام تر وسائل پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے دیئے جائیں گے۔ ہر سال پی ایچ ڈی کیلئے تیس طلباء و طالبات کو غیرملکی یونیورسٹیوں جبکہ ماسٹر لیول کیلئے ایک ہزار طلباء و طالبات کو ملکی یونیورسٹیوں میںاعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دیئے جائیں گے - پروگرام کے لئے بھرپور اور موثر انداز سے آگاہی مہم چلائی جائے۔ پروگرام کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کے دوسالہ کورس کیلئے 500 طلبا و طالبات کو چین بھجوا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن