کراچی: کار پر فائرنگ، نماز جمعہ پڑھ کر جانیوالے باپ بیٹا، ساتھی جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں شفیق موڑ کے نزدیک مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت تین نمازی جاں بحق ہوگئے جبکہ پاک کالونی میں ایک شخص گینگ وار کے کارندوں کا نشانہ بن گیا۔ شفیق موڑ پر نمک بنک کے نزدیک 45سالہ ہاشم، 27 سالہ علی سجاد اور 28سالہ شمیم رضوی امام بارگاہ ابونجف سے جمعہ کی نماز پڑھ کر نکلے اور کار میں گھر جانے لگے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد جنہوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، تینوں کے سروں پر فائرنگ کر دی جس سے وہ دم توڑ گئے۔ مجلس وحدت المسلمین کے مطابق مقتول ہاشم اور علی سجاد باپ بیٹا تھے مقتول علی سجاد کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ ایک ماہ کی بچی کا باپ بھی تھا مجلس وحدت المسلمین نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر تہرے قتل کی اس واردات کو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ قرار دیا جارہا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں حتمی رائے مکمل تفتیش کے بعد ہی قائم کی جاسکے گی۔ قبل ازیں جمعہ کی صبح پاک کالونی کے علاقے جہان آباد میں میوہ شاہ قبرستان کے نزدیک ایک شخص 45سالہ عبدالوحید کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق عبدالوحید کے قتل میں لیاری گینگ وار کے کارندے ملوث ہیں اس سے قبل مقتول عبدالوحید کے تین بھائیوں کو بھی قتل کیا جا چکا ہے۔