پانامہ لیکس عالمی سازش، نواز شریف کے ساتھ ہیں، کوئی بال بیکا نہیں کر سکتا: فضل الرحمٰن
اسلام آباد (اے پی پی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس ایک عالمی سازش ہے اور جے یو آئی پوری طرح وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، اس پر تنقید کرنے والوں کو حقیقت کا علم ہی نہیں۔ اس صورتحال میں بھرپور انداز میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم پانامہ لیکس کو سمجھے بغیر اس پر بحث یا بیان بازی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر بحث کرنے والے اس ایوان کا تقدس اور وقت ضائع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم نوازشریف کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔ ان کاتحفظ کرنے والے ہی راستہ نکالیں گے۔ ان کے متعلق ابھی لوگ جانتے نہیں ہیں یہ وہی لوگ ہیں جو چاہیں تو شوکت عزیز کو وزیراعظم بنا سکتے ہیں۔