چیئرمین پی سی بی کیلئے ماجد خان کا نام تجویز‘ سارا کرکٹ بورڈ سفارشی ہے: ریاض پیرزادہ
اسلام آباد (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) بین الصوبائی رابطوں کے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس کو بتایا ہے کہ ٹی ٹوٹنی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی تبدیلی زیر غور ہے۔ توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا نام کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے وزیر اعظم کو بھیجا ہے۔ سابق ہیڈ کوچ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کوئی ایک بھی سابق کرکٹر نہیں بلکہ سارا بورڈ سفارشی ہے۔ شہریار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہے جبکہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ ایشیا ٹی ٹونٹی اور پھر ٹی ٹونٹی کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد لوگوں نے کرکٹ بورڈ کے سربراہ سمیت پوری مینجمنٹ کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی مقابلوں میںکرکٹ ٹیم نے قوم کو مایوس کیا ہے۔پاکستانی قوم کو کرکٹ سے بہت جذباتی لگاؤ ہے۔ جب کرکٹ ٹیم ایسی بری کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی تو پھر اْنہیں بھی اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ ابتدائی بلے باز بری طرح ناکام رہے بائولرز بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ سارا بورڈ ہی سفارشی ہے، ہیڈ کوچ، کوچ اور سلیکشن کمیٹی بھی تبدیل ہو گئی ہے، چیئرمین پی سی بی کے لئے سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا نام وزیراعظم نواز شریف کو بھیج دیا ہے۔ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے وقار یونس کی رپورٹ بھی وزیراعظم نواز شریف کو بھیج دی جبکہ دورہ انگلینڈ کے لئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ایبٹ آباد میں لگایا جائے گا۔