• news

عمران خان کا رائیونڈ جانا خواب ہی رہے گا: رانا تنویر

لاہور (آن لائن + اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار‘ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر کا کہنا ہے کہ عمران خان کا رائے ونڈ جانا خواب ہی رہ جائے گا۔ پانامہ لیکس پر وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی باری ہے۔ شوکت خانم کے پیچھے چھپنے کی بجائے 3 ملین ڈالر کا حساب دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 3 ملین ڈالر بیرون ملک بھجوائے۔ اس کا حساب مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے بھی آف شور کمپنیاں بنائی ہیں اس لئے وہ بھی تیار رہیں۔ علاوہ ازیںوفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ ہم مواصلاتی اور دفاعی ضرورتوں کو بہتر انداز سے نہ صر ف پورا کررہے ہیں بلکہ برادر ممالک کو بھی مختلف مصنوعات برآمد کرکے ملکی زرمبادلہ میں بھی اضافہ کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے یہاں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن (این آر ٹی سی) کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ این آر ٹی سی نے اپنی دفاعی ٹیکنالوجی میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ ہمارے ماہر سائنسدانوں نے بے پناہ محنت کرکے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا اور آج ہم کراچی شپ یارڈ اور دیگر اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے مزین مختلف سکیورٹی آلات و دفاعی اشیاءمہیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا میں واقع واہ آرڈیننس فیکٹری جو دفاعی حوالے سے اسلحہ بناتی ہے، کے زیر انتظام مزید 14 فیکٹر یاں دفاعی سامان تیار کررہی ہیں اور ہمارا یہ ادارہ نہ صرف ملکی دفاعی ضروریات کو پورا کر رہا ہے بلکہ ہم 40 ممالک کو اسلحہ فروخت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹینکوں میں ہم سب سے آگے ہیں اس کے علاوہ بلٹ پروف جیکٹس و دیگر سامان بھی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب کی فوجی مشقوں کے دوران ہمارے تیار کردہ ایف 7طیارے کی کارکردگی کو بہت سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم رواں برس چین کی مدد سے 4 آبدوزیں بھی بنا رہے ہیں ، موجودہ ملکی صورتحال اور دفاعی چیلنجز کے پیش نظر وزارت دفاعی پیداوار افواج پاکستان کی تمام تر دفاعی، مواصلاتی اور سیکورٹی کی ضرورت کو پورا کر رہا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ این آر ٹی سی کا لاہور آفس صوبہ پنجاب میں داخلی سلامتی کے اداروں کی تمام تر دفاعی، مواصلاتی اور سیکورٹی کے ضروریات کو پورا کرے گا۔ قبل ازیںتقریب سے مینجنگ ڈائریکٹر این آر ٹی سی(ر) بریگیڈئیر محمد افتخار احمد اعوان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں میجر جنرل طارق غفور‘ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوارمیجر جنرل فیض محمد خان بنگش اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
رانا تنویر

ای پیپر-دی نیشن