عمران نے شلوار قمیص، نیلی واسکٹ پہن رکھی تھی، حاضرین کو خاموش کرایا، پارٹی کا جھنڈا اور قومی پرچم بھی لگایا گیا تھا، آج سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب 15اپریل کو چندہ مہم کیلئے لندن جائینگے
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے گزشتہ روز قوم سے خطاب کے موقع پر قومی لباس شلوار قمیص اور اس کے ساتھ نیلی واسکٹ زیب تن کی ہوئی تھی۔ شام چھ بجے قوم سے خطاب کرنا تھا لیکن خطاب سے کچھ دیر پہلے بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کے باعث ان کا قوم سے خطاب تقریباً 17 منٹ تاخیر سے ہوا۔ خطاب کے لئے مکمل خاموشی چاہیے۔ عمران خان نے اپنی گھڑی کی طرف دیکھا اور پھر بسم اللہ پڑھی اور خطاب کا آغاز کر دیا۔ عمران خان نے پانامہ لیکس کے بعد کی صورتحال اور انٹرا پارٹی انتخابات پر مشاورت کیلئے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ عمران خان 4روزہ دورے پر 15 اپریل کو لندن جائیں گے۔ وہ لندن میں چندہ اکٹھا کرنے کی مہم میں حصہ لینگے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے نجی ٹی وی چینلز نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کا قوم سے خطاب براہ راست نشر کیا تا ہم سرکاری ٹیلیویژن نے اپوزیشن رہنما کی تقریر کا مکمل بلیک آئوٹ کیا۔ عمران نے 44منٹ تک خطاب کیا۔ پوائنٹس سے بھی رہنمائی لیتے رہے اور شریف فیملی سے متعلق کچھ دستاویزی ثبوت بھی دکھائے۔ عمران خان کے قوم سے خطاب کے دوران انکے دائیں جانب پی ٹی آئی اور بائیں جانب پاکستان کا جھنڈا تھا۔ عقب میں بانی پاکستان قائد اعظم کی تصویر کی جگہ پی ٹی آئی کا جھنڈا لگایا ہوا تھا۔