امانت سکیم میں ایک کی بجائے 3 گاڑیاں شہباز شریف کا خوشگوار موڑ،پرجستہ جملے
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ’’امانت سکیم‘‘ کی پہلی قرعہ اندازی کی تقریب کے دوران انتہائی خوشگوار مو ڈ میں دکھائی دیئے۔وزیراعلیٰ کے برجستہ جملوں سے شرکاء تقریب بہت محظوظ ہوئے۔وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا قرعہ اندازی آپ سب کے سامنے ہورہی ہے اورآپ ہی اس قرعہ اندازی کی شفافیت کے گواہ ہیںاورآپ یہ مت سمجھیں گاڑیاں اورانعامات واپس لیکرجانے ہیں، یہ تمام انعامات آپ کیلئے ہیں۔ اب میری ہر تقریر میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا ذکر ہوگا کیونکہ یہ عام آدمی کی سواری ہے ،جس کی اشرافیہ کو تکلیف ہے۔ تقریب میں بتایا گیا پہلے ہر ماہ ایک گاڑی خوش نصیب کو ملنی تھی تاہم وزیراعلیٰ کی ہدایت پر’’ امانت سکیم‘‘ میں تین گاڑیاں شامل کی گئیں۔ وزیراعلیٰ اور ’’امانت سکیم‘‘ کی پہلی قرعہ اندازی میںانعامات جیتنے والے خوش نصیبوں کے درمیان فو ن پر انتہائی دلچسپ انداز میں گفتگو ہوئی اورانہیں شہبازشریف کی آواز سن کر خوشگوار حیرت ہوئی۔قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے افراد کے موبائل نمبر زسکرین پر نمودارہوئے تو وزیراعلیٰ نے کہا میں ان خوش نصیبوں سے بات بھی کرنا چاہتا ہوں ۔ عمرے کا ٹکٹ جیتنے والے ڈاکٹر آصف علی کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سکیم کے بارے میں پوچھا جس پر انہوںنے کہا کہ یہ بہت شاندار سکیم ہے اوراس سے بہت فائد ہ ہوگا۔عمرے کا ٹکٹ جیتنے والے دوسرے خوش نصیب سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پوچھا کہ کون صاحب بات کررہے ہیں جس پر انہوںنے کہا آپ نے کس سے بات کرنی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کا خادم شہبازشریف بات کررہاہوں۔ قرعہ اندازی میں ہنڈا سٹی کار جیتنے والے خوش نصیب سے وزیراعلیٰ نے کہا میں آپ کا خادم شہباز شریف بات کررہا ہوں آپ کی گاڑی انعام میں نکلی ہے کیا آپ کو یقین آگیا ہے جس پر انہوںنے کہا مجھے یقین نہیں آرہالیکن دوسری دفعہ پوچھنے پر انہوںنے کہا اللہ تعالیٰ کا شکرہے میری گاڑی نکلی ہے۔