• news

اقتدار ملا تو لٹیروں کے گریبان پکڑ کر وسائل نکالیں گے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر ہمیں اقتدار ملا تو بے روزگار نوجوانوں کو الائونس اور بے گھر لوگوں کو گھر دینے کے علاوہ بوڑھوں کو بھی الائونس دیا جائے گا اور سکولوں اور مدارس کا نصاب ایک کردیں گے اس کے لیے وسائل قومی خزانہ لوٹنے والوں کا گریبان پکڑ کر ان سے نکالیں گے، اب تک پانامہ چوری اور نیب کے کسی کیس میں کسی عالم یا مدرسہ کے مہتمم کا نام نہیں، سارے یہ لبرل اور سیکولر لوگ ہیں۔ وہ المرکز اسلامی سنگھوٹہ سوات میں دستار بندی کی تقریب میں بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ پانامہ چوری کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں وزیر اعظم کے خاندان سمیت پاکستان کے دو سوافراد شامل ہیں، جنہوں نے قومی خزانہ سے اربوں روپے لوٹ کر ٹیکس ادائیگی سے بچانے کے لیے بیرون ملک کاروبار میں لگایا ہے۔ حکمران امین اور صادق ہوتے ہیں لیکن ہمارے وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ان کے خاندان نے جلاوطنی کے دوران سعودی عرب میں مزدوری کرکے اربوں روپے کمائے اور اسے پھر بیرون ملک کاروباروں میں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ آئس لینڈ کے وزیر اعظم کی بیوی پر الزام لگا تو انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ برطانیہ کے وزیر اعظم کے باپ پرالزام لگا تو انہوں اعتراف کر لیا لیکن ہمارے وزیر اعظم نے ایک طرف جھوٹ بولا اور دوسری طرف اپنی ہی مرضی کا کمشن قائم کیا۔ ہم ایسے کمیشن کو نہیں مانتے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے وہ سچ تلاش کرے اور ملزموں کا تعین کرکے سزا دلائیں۔میں ان سے پوچھتا ہوں کہ مالاکنڈ کے ہزاروں لوگ ساری زندگی سعودی عرب میں محنت مزدوری کرنے کے بعد بڑی مشکل سے گزر اوقات کرتے ہیں اور ان لوگوں نے محض سات سال میں اربوں کمائے۔ یہ لوگ ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں۔ پنجاب میں گھریلو تشدد بل پاس کرکے حکومت نے میاں بیوی کے درمیان پولیس کو لاکھڑا کیا ہے اب گھر کے اندرمیاں بیوی کے درمیان گائے یا بھینس خریدنے پر اختلاف ہو جائے تو ایک ٹیلی فون پر پولیس آکر میاں کو گرفتار کر لے گی۔ اصل میں مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے لیڈروں کے درمیان امریکہ کو خوش کرنے کا مقابلہ جاری ہے، سراج الحق نے کہا کہ ہم نے ایک قومی ایجنڈا دیا ہے جس کے تحت چیف جسٹس کی میز سے انگریزی قانون کی کتاب ہٹا کر فیصلوں کے لیے قرآن رکھیں گے۔بے گھر لوگوں کو حکومت کی جانب سے مفت گھر ملیں گے۔بے روزگار نوجوانوں کو بیر وزگاری الائونس دیں گے۔ سرکاری اور نجی سکولوں کے علاوہ دینی مدارس میں میٹرک تک مفت تعلیم اور یکساں نصاب رائج کریں گے اور70سال سے زائد عمر کے بوڑھوں کے لیے زیادہ عمر کا الاوئنس ہوگا تاکہ وہ بیماری اور ضرورت میں کسی کے محتاج نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئے گی تو ہم مساجد کے آئمہ اور علماء کو پولیس اور فوج کے برابر تنخواہ دیں گے۔
لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور کراچی سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں لاہور میں مصطفیٰ ٹائون وحدت روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ نیب کرپشن کے میگا سکینڈلز کی فوری تحقیقات کرے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائے، نیب لاکھوں کی چوری میں ملوث افراد کو پکڑ رہا ہے جبکہ اربوں کھربوں ڈکارنے والے افراد کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ مظاہرے سے عبدالعزیز عابد ، گوہر رئوف، حافظ مظہر جیلانی نے بھی خطاب کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل کمیٹی سے بلاامتیاز تحقیق کی امید نہیں کی جا سکتی۔ نیب نے میگا کرپشن کے خلاف فوری ایکشن نہ لیا تو اسے قوم کے سامنے جواب دینا پڑے گا۔ قائدین نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس اپنی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین حاضر سروس ججوں پر مشتمل کمشن تشکیل دیں جو حکمرانوں کی کرپشن کی تحقیقات کرے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر دوسرے شہروں کی طرح ملتان میں بھی امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، میاں آصف محمود کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں موٹر سائیکلز، کاریں، رکشے بڑی تعداد میں شریک تھے۔ شرکاء ریلی نے جماعت اسلامی کے کلمہ طیبہ والے پرچم اُٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء کرپٹ حکمران نا منظور نا منظور، کرپشن نا منظور نا منظور، کرپٹ حکمرانوملک کی جان چھوڑ دوکے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ پولیس بھی ریلی کے ساتھ ساتھ رہی۔ ریلی کے اختتام پر مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے بے روزگاری، مہنگائی، بد امنی اور خو دکشیوں کی بنیادی وجہ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن ہے ادارے تباہ ہوچکے ہیں ہر طرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ من پسند ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل کمشن منظور نہیں۔ علاوہ ازیں کراچی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کرپشن فری پاکستان واک کا اہتمام کیا گیا جو جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور الحق سے شروع ہوکر مزار قائد پر اختتام پذیر ہوئی ریلی واک کے شرکاء نے کرپشن کے خلاف نعرے لگائے اور کرپشن کے الزامات میں ملوث ہونے پر وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا واک سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیاں صرف لوٹ مار کیلئے بنائی جاتی ہیں ملک میں 350 میگا سکینڈل نیب کے پاس ہیں لیکن کرپٹ لوگوں کو پکڑنے کیلئے کوئی تیار نہیں اب تو پانامہ لیکس چاچا ماما لیکس بن گئی ہیں حکمرانوں کو چاہئے تھا کہ وہ ان انکشافات کے بعد اقتدار سے الگ ہو جاتے ہیں اس موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا اس سلسلے میں 19 اپرایل کو کراچی کے 30 مختلف مقامات پر مظاہرے کئے جائیں گے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی یوتھ ضلع سیالکوٹ کے زیر اہتمام کرپشن فری پاکستان ریلی نکالی گئی جو چوک علامہ اقبال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی نارووال سے نامہ نگار کے مطابق کرپشن فری پاکستان ریلی دفتر جماعت اسلامی نارووال سے لیکر چوک فاروقی حسینی تک نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز او پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق آئین کیخلاف ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن