گریڈ17میں ترقی پانیوالی لاہور کی تقریباً تمام نرسز بہاولپور ٹرانسفر
لاہور (ندیم بسرا) محکمہ صحت پنجاب میں گریڈ 16سے گریڈ17میں ترقی پانے والی تمام ہیڈ نرسز میں سے لاہور کی تریباً تمام امیدواروں کی بہاولپور ٹرانسفر کر دیا ہے۔ راولپنڈی ، رحیم یار خان، ملتان، مظفر گڑھ ،بہاولپور ، بہاولنگر کی 90فیصد امیدواروں کو ان کے ضلع میں ہی رہنے دیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب نے گریڈ ڈیپارٹمنٹل پروموشن بورڈ کا اہتمام کیا جس میں تقریباً تمام اضلاع کی سنیارٹی کے حساب سے183امیدواروں کو گریڈ 17میں چارج نرس سے ہیڈ نرس کے عہدے پر ترقی دے دی ۔محکمہ صحت کے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے سیکرٹری نجم احمد شاہ کی طرف سے پوسٹنگ کے آرڈر کئے 183ارکان کی لسٹ جاری ہوئی ان میں بعض امیدوار کی اے سی آر ٹھیک نہ ہونے ،سروس ریکارڈ درست نہ ہونے کا بہانا بنا کر اصل امیدواروں کو نکال دیا گیا۔ جس کا الزام امیدواروں کی طرف سے بھی لگایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے احکامات کے برعکس میرٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ اہم بات ذرائع نے بتائی ہے کہ ہیڈ نرس کو گریڈ17پر ترقی ان کے جائننگ سے مشروط کی گئی ہے وسیع پیمانے پر تبادلوں میں لاہور میں ترقی پانے والی ہیڈ نرسز کی تعداد 64کے قریب تھی، جس میں صرف3ہیڈ نرسز کو میو، سروسز میں ہی رہنے دیا گیا۔ میو ،جنرل، جناح، سروسز، انسٹی ٹیوٹ آف نیشنل ہیلتھ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی ، لیڈی ایچی سن کی 61ہیڈ نرسز کو بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ٹرانسفر کر دیا گیا۔ان میںترقی پانے والوں میں مختلف اضلاع کی ہیڈ نرسز بھی شامل تھی۔بہاولپور اور بہاولنگر کی 5ہیڈ نرسز کو ادھر ہی رہنے دیا گیا رحیم یار خان میں ہیڈ نرس ترقی پر گئی ان کو ادھر ہی رہنے دیا گیا ہے۔ خانیوال نشتر ہسپتال ملتان میں ہیڈ نرسز کو ترقی دے کر ادھر ہی تعینات کیا گیا۔ 9ہیڈ نرسز کو فیصل آباد سے ملتان ٹرانسفر کیا گیا۔راولپنڈی کے ضلع کی ترقی پانے والی ہیڈ نرسز کی تعداد16تھی جن کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ، ڈی ایچ کیو پنڈی ہولی فیملی ہسپتال میں ہی رہنے دیا گیا۔ 5کے قریب مزید ہیڈ نرسز کے راولپنڈی میں تبادلے ہوئے مگر ان کو بھی انکے ضلع میں تعینا کیا گیا۔ساہیوال ضلع کی ترقی پانے والی ہیڈ نرسز کو انکے ضلع میں رہنے دیا گیا۔ لاہور سے بہاولپور ٹرانسفر ہونے والی متاثرہ نرسز نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انکا کہنا ہے والدین میں وہ اکیلی گھر کی سر براہ ہیں وہ اپنے خاندان کو اکیلا چھوڑ کر کیسے بہاولپور جا سکتی ہیں، اسلئے ایسی پالیسی بنائی جائے کہ جنوبی پنجاب کیلئے بھرتی وہاں سے ہی کی جائے۔ اس بارے میں محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کسی کے ساتھ جانبداری نہیں برتی گئی ۔ سرکاری ملازم کی کہیں بھی تعیناتی کی جا سکتی ہے۔ میرٹ کو ملوظ خاطر رکھا ہے۔