سبزہ زار: نشئی نے پیسے نہ ملنے پر بہن، اسکی ساس کو قتل کیا، ملزم گرفتار
لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار ہومی سائیڈ یونٹ نے 11 روز قبل خاتون اور اسکی بہو کے دوہرے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سبزہ زار کے علاقہ میں 30 مارچ کو گھر میں 58 سالہ صفیہ بی بی اور اسکی بہو 26 سالہ نسیم کو نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر ہتھوڑے سے وار کرکے بہیمانہ طریقے سے موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ نسیم کے ڈھائی سالہ بیٹے شعبان کو بھی زخمی کر دیا تھا۔ پولیس نے گزشتہ روز نسیم کے بھائی اور صفیہ کے بھانجے رشید عرف چھیدا ٹلی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نشہ کرتا تھا اور اس نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر ہتھوڑے سے سروں پر وار کرکے اپنی خالہ اور بہن کو بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلہ قتل ہتھوڑا بھی برآمد کر لیا۔