• news

افغانستان :سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 33شدت پسند9 اہلکارہلاک 5 مبینہ خودکش بمبارگرفتار

کابل (اے پی پی) افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 33 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اس دوران 9 افغان فوجی بھی ہلاک ہوگئے ادھر ہرات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین نمازی ہلاک ہوگئے جبکہ قندوز میں سیکورٹی حکام نے پانچ مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا، پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی رچرڈ اولسن نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں33 شدت پسند ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ اس دوران 12 شدت پسندوں کو حراست میں لیا گیا اور اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ کارروائیاں صوبہ ارزگان، زابل، ہلمند، قندھار اور خوست میں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں 9افغان فوجیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں مغربی صوبہ ہرات میں نامعلوم افراد نے ضلع شین ڈنڈ کے علاقے نوآباد میں مسجد سے باہر نکلنے والے نمازیوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین شہری ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مزید براں صوبہ قندوز میں حکام نے پانچ خودکش حملہ آوروں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیاہے۔ گرفتار افراد کا تعلق صوبہ غور سے بتایا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن