خوشگوار موسم اور چھٹی کے باوجود لوڈشیڈنگ، لوگوں کو مشکلات کا سامنا
لاہور (نامہ نگاران+ این این آئی) اتوار کی تعطیل اور خوشگوار موسم کے باوجود بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، کئی علاقوں میں بجلی بندش کے دورانیے میں مزید اضافہ کر دیا گیا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ اتوار کی تعطیل کے ساتھ گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم کی صورتحال بہتر رہی تاہم اس کے باوجود وزارت پانی وبجلی کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی ۔ تعطیل کے روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 6سے 8 جبکہ دیہی علاقوں میں 11سے 13گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ریکارڈ کیا گیا ۔ وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق جن علاقوں میں لائن لاسز زیادہ ہیں وہاں پر اعلانیہ طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ زیادہ ہے ۔ گزشتہ روز مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں مینٹی ننس کے نام پر بھی شٹ ڈائون کیا گیا جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا رہا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صارفین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ تاجروں کے کاروبار بھی متاثر رہے۔ شہریوں اور عوامی و سماجی حلقوں نے احتجاج کیا ہے۔