پاکستان نے بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام حاصل کرلیا ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بڑے پیمانے پر اقتصادی استحکام حاصل کرلیا ہے اور اب ہم معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں امریکہ کے ایگزم بینک کے چیئرمین اور صدر فریڈ ہاچ برگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے میں کئی منصوبے زیرتکمیل ہیں تاکہ نجی شعبے کو مزید سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے۔ توانائی کے منصوبے مکمل کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں جاری ہیں اور حکومت اپنے دورمیں قومی گرڈ میں دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک نے پاکستان میں مائع قدرتی گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کیلئے گیس ٹربائن اور دیگر آلات کی فراہمی کیلئے معاہدہ کیا ہے۔امریکی ایگزم بینک کے صدر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔