پانامہ لیکس، تحریک انصاف نے پنجاب کی تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس بدھ کو بلالیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پانامہ لیکس انکشافات کے بعد پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے بدھ کو تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس طلب کر لیا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، ق لیگ، جماعت اسلامی، عوامی تحریک، مجلس وحدت المسلمین کے نمائندے شریک ہونگے۔ کانفرنس میں پانامہ لیکس کے بعد کی ملکی صورتحال اور اپوزیشن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا پانامہ لیکس چند روز کا ڈرامہ نہیں حکمرانوں کے گلے کی مستقل ہڈی ہے کیونکہ قوم کو مقروض بنا کر بیرون ملک اربوں ڈالر کی جائیداد بنانا سنگین قومی جرم ہے۔ پانامہ لیکس سازش نہیں غریب عوام کی آہ اور اللہ کی پکڑ ہے اور وزیراعظم یہ حقیقت نہ مانیں اور سازش قرار دینے پر ہی بضد ہیں تو وہ سازشی اپنے گھر میں تلاش کریں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف کی شمروک اور چینڈرون جرسی نامی دو آف شور کمپنیوں کے انکشاف کے بعد انہیں اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔ شہبازشریف بار بار کہتے ہیں کہ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو مجھے الٹا لٹکا دیں لیکن وہ سستی روٹی سکیم، یوتھ پروگرام میں ہونیوالی اربوں کی مالی بے ضابطگیوں پر خاموش کیوں ہیں، اسکا حساب کون دیگا جو انکے وزیرمشیر انکی ناک کے نیچے کرپشن کرتے رہے۔