اسلام آباد: سکیورٹی کے پیش نظر کئی افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے پیش نظر کئی افسروں کی اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ایڈیشنل آئی جی کو افسروں کی فہرست مرتب کرنے کے احکامات دیدیئے ہیں۔ وزارت داخلہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کیلئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریڈ زون کی سکیورٹی سے متعلق بالخصوص اقدامات کے بارے میں فیصلہ ہوا ہے کہ سکیورٹی ڈویژن سے متعدد پولیس افسروں کو تبدیل کرکے ان کی جگہ نئی تعیناتیاں کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں آئی جی اسلام آباد وزارت داخلہ کو افسروں کی فہرست سمیت ان کی مجوزہ تعیناتیوں سے متعلق تجاویز دیں گے۔