• news

دھرنا سیاست نے ترقی میں رکاوٹ ڈالی‘ ملک احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزےراعلیٰ شہبازشرےف سے اسلام آباد مےں چیئرمین ایگزم بنک امریکہ مسٹر فریڈ پی ہاچ برگ کی قےادت مےں بنک کے اعلی حکام کے وفد نے ملاقات کی جس مےں تجارت، اقتصادی اورترقےاتی منصوبوں مےں سرماےہ کاری کے حوالے سے بات چےت ہوئی۔ وفد نے پاکستان مےں سرماےہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کےا۔ پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی ملاقات مےں موجود تھے۔ شہبازشرےف نے کہا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں مےں توانائی کے متعدد منصوبوں پر تےزرفتاری سے کام جاری ہے۔ مختلف ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں کو برق فتاری سے پاےہ تکمےل تک پہنچاےا جارہا ہے۔ صوبہ بھر مےں عوامی فلاح و بہبود اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام کےا جا رہا ہے اور متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال سے ملک میں انرجی کی ضروریات پوری کرنے کے پراجیکٹ مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں اور سرماےہ کاروں کو ہر ممکن سہولتےں فراہم کی جارہی ہےں۔ نوازشریف کی قیادت میں ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار تےز ہوئی ہے۔ حکومت کی پرکشش ترغیبات اور سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول کی وجہ سے عالمی مالیاتی ادارے اور مختلف ممالک پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں۔ مستحکم مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں تجارتی اور صنعتی ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اسکے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کا محور و مرکز عام آدمی کی خوشحالی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک امن، ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر پر گامزن ہے اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے ساتھ توانائی کے منصوبوں پر شفافیت اور تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ دھر نا سیاست نے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں بے پناہ رکاوٹ ڈالی ہے اور دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا جس سے اربوں ڈالر کے معاہدوں میں تاخیر ہوئی اور ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔ اگر چینی صدر کا دورہ ملتوی نہ ہوتا تو ملک سے اندھیرے دور ہو چکے ہوتے۔ ترقی اور خوشحالی کے مخالفین کو عوام عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن میں بری طرح مسترد کرچکے ہیں لیکن اب یہی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر عام آدمی کی خوشحالی او رملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ باشعور عوام ایسے عناصر کو پہلے بھی مسترد کرچکے ہیں اور اب بھی ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ ملک کسی بھی طور پر احتجاجی سیاست کا قطعاً متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ وقت ذاتی مفادات کی سیاست کا نہیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت کا ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام کسی کو بھی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے اور ایسے عناصر کے مذموم عزائم پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زےر صدارت اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کے بعض امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں کڈنی اےنڈ لےور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹےوٹ اےنڈ رےسرچ سےنٹرکا منصوبہ صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سروسز ہسپتال میں ایک نجی ٹی وی کی ٹیم پر تشدد کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن