ندیم نصرت قائد متحدہ سے ملکر کمیٹی بنواتے، 10 ہزار لوگوں کو مروایا: مصطفی کمال
کراچی (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر کارکن محمد رضا اور سابق چیئرمین اے پی ایم ایس وحید الزماں سمیت دیگر ذمہ داران نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، مصطفی کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضا کے پائے کا کارکن یہاں ہے نہ لندن میں، اے پی ایم ایس او کے لوگوں کو اپنے قافلے میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں، لوگوں کو ”را“ کا ایجنٹ بنایا گیا۔کل متحدہ کے قائد نے ورکرز کی میٹنگ کے دوران فون باہر رکھوائے تھے۔ ایم کیو ایم کے قائد نے جنرل ورکرز اجلاس کے دوران کسی کارکن کو موبائل اندر نہیں لانے دیا، کچھ لوگوں کے پاس موبائل رہ گیا تھا اور انہوں نے پورا جنرل ورکرز اجلاس ہمیں دکھایا، ایم کیو ایم کے جرائم پیشہ افراد کیلئے معافی کا کوئی راستہ نکالا جائے، یہ لوگ دہشت گرد پیدا نہیں ہوئے، حکومت ان کیلئے پیکیج کا اعلان کرے، ایم کیو ایم کے قائد کو کارکنوں کے مارے جانے کی کوئی فکر نہیں، ایم کیو ایم کے قائد نے ندیم نصرت کے ساتھ مل کر کئی کارکنوں کو مروایا ہے، ندیم نصرت متحدہ کے قائد سے مل کر کمیٹی بنواتے تھے ندیم نصرت نے10ہزار لوگوں کو مروایا آج میں ایم کیو ایم کے کارکنوں سے مخاطب ہوں۔ ایم کیو ایم میں جو کارکن بوجھ بن جاتا ہے اس کو مروا دیا جاتا ہے، ندیم نصرت ایک ٹیم سے کسی کو مروائیں گے پھر دوسری ٹیم سے اپنی ٹیم مروائیں گے، ہزاروں افراد جیلوں میں ہیں اور لاپتہ ہیں جبکہ محمد رضا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں 16سال بعد صرف پاک سر زمین پارٹی کی وجہ سے کراچی آیا ہوں، لندن میں بیٹھے ساتھی مجھے کہتے تھے آپ کو اس پارٹی میں نہیں جانا چاہیے اس سے پہلے کہ میری بنیادی رکنیت ختم کی جائے میں انہیں جوتے کی نوک پر لکھتا ہوں، پاک سرزمین پارٹی نے جو کام شروع کیا وہ بالکل سچ اور حقیقت پر مبنی ہے۔ تمام ساتھی پاک سرزمین کو جوائن کریں اور ان کے ہاتھ مضبوط کریں، سابق چیئرمین آل پاکستان متحدہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن وحید الزمان نے کہا کہ سسٹم میں رہ کر حق اور سچ کی بات نہیں بول سکتے تھے جہاں متحدہ کے کارکنوں کا جانا مشکل ہوتا تھا وہاں اے پی ایم ایس او کو بھیجا جاتا تھا۔علاوہ ازیں پاک سر زمین پارٹی کے رہنما گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی رہائش گاہ پہنچے اور انہیں پاک سر زمین پارٹی کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی پاک سر زمین پارٹی کے رہنما ڈاکٹر صغیر ، وسیم آفتاب، رضا ہارون، افتخار عالم ملاقات کیلئے جب پہنچے تو ان کا استقبال عمران اسماعیل اور خرم شیر زمان نے استقبال کیا۔ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی عزیز آبادی نے کہا ہے کہ جعلی ڈگریوں کے کاروبار کی وجہ سے وحید الزمان کو اے پی ایم ایس سے نکالا۔ جعلی ڈگریوں میں ملوث شخص سے تعلیم کی باتیں مضحکہ خیز لگتی ہیں۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کا الزام بھی ہماری قیادت پر لا دیا گیا۔ ایم کیو ایم پر الزام لگانے والو کچھ شرم کرو کچھ حیا کرو۔ علاوہ ازیں پاک سرزمین پارٹی کے وفد نے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل سے ملاقات میں 24 اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی تاہم عمران اسماعیل نے جلسے میں شرکت سے معذرت کرلی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے عمران اسماعیل نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کا یوم تاسیس نہ ہوتا تو جلسے میں ضرور شرکت کرتے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے درمیان سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا پانامہ لیکس پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ رضا ہارون نے کہا کہ 24 اپریل کے جلسے کیلئے تمام پارٹیوں سے رابطے کر رہے ہیں ملک سے محبت کرنے والوں سے رابطہ کریں گے، وطن پرستی کیلئے پارٹی کا قیام عمل میں لائے ہیں پاکستان کیلئے سیاست کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال