• news

پاکستان کرکٹ کپ 19 اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہو گا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان کپ 2016ء کے نام سے ون ڈے ٹورنامنٹ 19 اپریل سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ میں شریک پانچوں ٹیموں کے کپتان اور کوچنگ پینل کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ٹیموں کے انتخاب کے لیے 150 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر کے ٹیموں کو دیدی گئی ہے جس سے ہر ٹیم آج اپنی سکواڈز کو حتمی شکل دے سکے گی۔ پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کو بلوچستان کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ ان کے کوچنگ پینل میں اعجاز احمد اور تیمور اعظم شامل ہیں۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کو فیڈرل ایریا ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ ان کے کوچنگ پینل میں منصور رانا اور صبیح اظہر، سٹار بلے باز یونس خان کو خیبر پی کے ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے جس کے کوچنگ سٹاف میں عبدالرحمان اور کبیر خان جبکہ پنجاب ٹیم کی قیادت شعیب ملک کو سونپی گئی ہے جس کے کوچنگ سٹاف میں عتیق الزمان اور محتشم رشید شامل ہونگے۔ پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سندھ ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ کوچنگ سٹاف میں توصیف احمد اور اقبال امام شامل ہیں۔ پانچوں ٹیموں کے کپتان اور کوچنگ سٹاف آج لاہور کے مقامی ہوٹل میں اپنی ٹیموں کے سکواڈ کو دی گئی 150 کھلاڑیوں کی فہرست میں سے مکمل کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن