پاکستانی کرکٹرز کو کھیل ہی نہیں آتا : اسد رؤف
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کرکٹرز کو کرکٹ کھیلنا ہی نہیں آتی۔ قومی کرکٹرز کو کھیل کی سمجھ ہی نہیں ہے۔ باؤلرز گیند بازی کرتے ہوئے دماغ کا استعمال نہیں کرتے تو بلے باز بھی حالات اور ضرورت کے مطابق بیٹنگ کے فن سے ناواقف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق انٹرنیشنل امپائر اسد روف نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بلے بازوں کو صرف ایک شاٹ ہی کھیلنا آتی کہ کب کریز سے باہر آ کر ہٹ کرنی ہے۔ کسی بھی بیٹسمین کی کارکردگی میں بہتری نظر نہیں آتی کئی کئی سال کرکٹ کھیلنے کے باوجود اپنے آپکو میچ ونر نہیں بنا سکے دنیا کی دیگر ٹمیوں میں ہر دوسرا کھلاڑی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ہمارے یہاں سوچنا پڑتا ہے کہ۔کب کس بیٹسمین نے تھری فگر اننگز کھیلی تھی۔ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹونٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی ناکامی کے ذمہ دار سب ہیں۔ کھلاڑیوں کو اس ناکامی سے بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا ۔کوچنگ سٹاف تو صرف بتا سکتا ہے میدان کے اندر جا کر پرفارمنس کھلاڑیوں نے دینا ہوتی ہے۔ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں نے بری کرکٹ کھیلی اور ناکام ہوئے۔ جہاں سنگلز کی ضرورت ہوتی تھی وہاں بڑے شاٹس کھیل کر آوٹ ہو جاتے ہیں۔ ہم نے اگر معیار کو بلند کرنا ہے تو نظام کو بہتر بنانا ہو گا۔ نئے اور اہل لوگوں کو ذمہ داریاں دینا ہونگی۔سکول کالج کلب اور فرسٹ کلاس کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہونگے۔