• news

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی: میجر جنرل عابد ممتاز

اوکاڑہ (نامہ نگار) جنرل آفیسر کمانڈنگ40 ڈویژن میجر جنرل عابد ممتاز نے کہا ہے کہ معاشر ے کے تمام طبقے نیشنل ایکشن پلان کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور اس پر عمل در آمد کے لئے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے آپ سب جانتے ہیں کہ ہمارا ملک پچھلی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دہشت گردی کے ناسور میں الجھا ہوا ہے ہمارے گھر، جائیداد، کاروبار اور حتی کہ مذہبی مقامات اور تعلیمی ادارے بھی دہشت گردوں کے ظلم سے محفوظ نہ تھے ہم سب کو اس بات کا ادراک تھا کہ مخالف کوئی اور نہیں بلکہ ہمارے اپنے ہی گمراہ ہوئے ہم وطن ہیں جن کو درستگی کا موقع ضرور ملنا چاہیے لیکن 16دسمبر 2014 کے دن نے ہماری پوری قوم کی سوچ کو نہ صرف بدل دیا بلکہ ہم سب کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لا کھڑا کیا بلا شبہ اے پی ایس پشاور کے بچوں کی قربانی ہم کبھی نہیں بھلا پائیں گے مگر الحمدللہ آج ہم دہشت گردی کے اس ناسور کو تقریباًختم کر چکے ہیں اور انشاء اللہ اپنی آنے والی نسلوں کے لئے ایک محفوظ اور صحت مند معاشرہ تشکیل دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری جاوید علائو الدین،چوہدری افتخار حسین چھچھر، کمشنر ساہیوال ڈویژن آصف اقبال، آر پی او طارق رستم چوہان، ڈی سی او سقراط امان رانا، ڈی پی او فیصل رانا سمیت ساہیوال ڈویژن کے تمام اضلاع کے افسران، اوکاڑہ کے عمائدین علاقہ، تاجروں کے نمائندوں، صحافیوں، سول سوسائٹی، طالبعلموں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں اس بات کی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں کہ نیشنل ایکشن پلان کسی فرد واحد، ادارے یا قومیت سے منسوب نہیں ہے میں بحیثیت نمائندہ مسلح افواج آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ مسلح افواج اس ملک اور معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور تمام ایسے عناصر جو اس ملک کے امن امان کے خلاف کسی بھی قسم کی منفی سوچ رکھتے ہوں ان سے آہنی ہاتھو ں سے نمٹیں گے نیشنل ایکشن پلان کے لاگو ہونے سے اب تک ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے دہشت گردوں کی مضبوط مکین گاہوں اور نیٹ ورک کو مکمل طور پر تباہ کیا جا چکا ہے اور اس وقت دہشت گرد اپنے علاقے چھوڑ کر پر امن آبادیوں کے اندر چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ڈی سی او سقراط امان رانا نے سیمینار میں خطبہ استقبالیہ پیش کیا تقریب سے ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، کمشنر ساہیوال آصف اقبال، آر پی او طارق رستم چوہان اور ڈی پی او نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن