بھارت راہداری منصوبے کا کھلا دشمن’’را‘‘ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے، سب محاذ آرائی چھوڑ کر تعاون کی راہ اپنائیں: آرمی چیف
اسلام آباد/ کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+ بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے ’را‘ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے لیکن کسی کو ملک کے اندر گڑ بڑ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عالمی برادری دہشت گرد تنظیموں کی بیرونی امداد بند کرائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گوادر میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ سیمینار میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اور جنوبی کمانڈ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف نے کہا معاشی راہداری پاکستان اور چین کے درمیان شاندار تعلقات کا مظہر ہے۔ یہ دراصل نہ صرف پاکستان اور چین کے عوام بلکہ باقی دنیا کیلئے امن اور خوشحالی کی راہداری ہے۔ انہوں نے کہا میں پورے اطمینان سے آپ کو بتا سکتا ہوں فاٹا میں پاک فوج کا آپریشن اب آخری مراحل میں ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہے اس طویل جدوجہد میں ہمارے عوام، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور بہادر مسلح افواج نے شاندار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب محض ایک فوجی آپریشن نہیں بلکہ پورا ایک تصور ہے جس کا حتمی مقصد دہشت گردی، انتہا پسندی اور کرپشن کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنا ہے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری نہ صرف ہماری کامیابیوں کو تسلیم کرے بلکہ ان دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرپرستوں کو حاصل بیرونی مدد بھی روکے۔ اب قدرے استحکام کے بعد ترقیاتی کام شروع کرنے کیلئے ماحول سازگار ہے۔ بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتا ہوں ترقیاتی منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ انہیں ہی پہنچے گا۔ راہداری منصوبہ کی کامیابی کیلئے اچھی گورننس اور شفافیت لازمی ہے۔ متوازن سماجی و معاشی ترقی کی بدولت قومی یکجہتی اور اتحاد میں فریقین کا کردار بڑھے گا۔ متعدد عالمی طاقتوں نے معاشی راہداری منصوبہ کی تعریف کی ہے تو کئی ملکوں نے تیوریاں بھی چڑھائی ہیں جو علاقہ میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتے ہیں۔ میں شرکاء کو یہ بتانا چاہتا ہوں بھارت نے معاشی راہداری کے اس منصوبہ کو کھلے عام چیلنج کیا ہے۔ ہمیں مکمل علم ہے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں اس منصوبہ کو ناکام بنانا چاہتی ہیں۔ میں اس موقع پر بھارتی ایجنسی ’را‘ کا بطور خاص حوالہ دینا چاہتا ہوں جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے۔ ہم کسی کو ملک کے کسی بھی حصہ میں گڑ بڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا آرمی چیف کی حثییت سے یقین دلاتا ہوں معاشی راہداری کا تحفظ ہماری قومی ترجیح ہے اور منصوبہ کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ اور ہم اس منصوبہ کے ہر قدم پر گہری نگاہ رکھیں گے۔ اس کام کیلئے پہلے ہی پندرہ ہزار افرادی قوت پر مشتمل سپیشل سکیورٹی ڈویژن قائم کیا جا چکا ہے۔ انشاء اللہ اسی سال چین کے وسط سے کارگو گوادر کی بندرگاہ کے ذریعہ دنیا بھر میںپہنچے گا اور اس طرح ایک خواب کی تعبیر سامنے آئے گی۔ بیورو رپورٹ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے سی پیک منصوبے کو پاک چین دوستی کا مظہر قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے اس منصوبے کی سکیورٹی ہماری قومی ذمہ داری ہے جسے ہرصورت نبھائیں گے۔ عالمی برادری نہ صرف ہماری کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کرے بلکہ دہشتگرد تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں اور مالی مدد فراہم کرنیوالوں کی بیرونی مدد روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا میں یہاں واضح کرنا چاہتا ہوں ہم کسی کو پاکستان کے کسی حصے میں رکاوٹیں یا مسائل کھڑے کرنے کی اجازت نہیں دینگے اس لئے سب کیلئے یہ اہم ہے اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے تعاون پر توجہ دیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاس ہے۔ یہ پورے خطے کیلئے امن اور خوشحالی کی راہداری ہوگی۔ دہشت گردی کیخلاف مشکل جنگ سے گزرنا پڑا، قبائلی علاقوں میں ملٹری آپریشن آخری مراحل میں ہے، دہشت گردی کیخلاف طویل جدوجہد کی ہے، خوشحالی اور ترقی کیلئے جدوجہد میں اب بہت آگے آگئے ہیں۔ ضرب عضب ایک آپریشن نہیں بلکہ پورا نظریہ ہے، اس نظرئیے کا مقصد دہشت گردوں، انتہاپسندوں اور کرپشن کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ ہے۔ عالمی برادری دہشت گرد تنظیموں، معاونین، سہولت کاروں کی بیرونی مدد روکنے میں تعاون کرے، عالمی برادری ہماری قربانیوں اور کامیابیوں کو تسلیم کرے، بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان میں عدم استحکام میں ملوث ہے، دشمن خفیہ ایجنسیاں راہداری منصوبے کی مخالف ہیں۔ سب محاذ آرائی چھوڑ کر ملکر کام کرنے کی کوشش کریں۔ ’’را‘‘ پاکستان اور راہداری منصوبے کو غیرمستحکم کرنے میں ملوث ہے، کسی کو رکاوٹ یا گڑبڑ کی اجازت نہیں دینگے۔ چین سے گوادر کارگو اسی سال آنا شروع ہوگا اور اسی سال سے پوری دنیا میں جانا شروع ہوجائیگا، اس مقصد کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ منصوبے پر آگے بڑھتے ہوئے ہر قدم پر نگاہ رکھیں گے۔ پاک چین دوستی کے مظہر منصوبے کو ہر قیمت پر مکمل کرینگے۔ بلوچستان اور گوادر کی تقدیر بدلیں گے۔ جنرل راحیل شریف نے گوادر کیلئے کیڈٹ کالج کا اعلان کرتے ہوئے کہا زندگی کا بڑا حصہ گوادر میں گزارا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے کسی علاقے میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے، سب کیلئے ضروری ہے کہ محاذ آرائی چھوڑ کر تعاون کی راہ اپنائیں۔ بھارت راہداری منصوبے کا کھلا دشمن ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا گذشتہ کئی برسوں سے بلوچستان پر چھائے دہشت گردی کے بادل چھٹ گئے ہیں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے خوشحالی ہمارا مستقبل ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا۔ ماضی میں دہشت گردی کے واقعات سے آنکھیں چرائی گئیں جس سے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھے۔ تاہم ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا بلوچستان اور پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازشوں کو ناکام بنایا، پاک فوج نہ ہوتی تو ہم ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے تھے۔