• news

’’ راسے متحدہ کی فنڈنگ‘‘ حکومت نے جے آئی ٹی بنا دی ، میرے پاس ثبوت ہیں، ٹیم کو پیش کرونگا: سرفراز مرچنٹ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کے ’’را‘‘ سے فنڈز لینے‘ منی لانڈرنگ اور اسلحہ کی خریداری سمیت دیگر سنگین نوعیت کے الزامات کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد مظہر کاکا خیل کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی سرفراز مرچنٹ کے بیان اور ان کی طرف سے فراہم کردہ شواہد کا جائزہ بھی لے گی اور ایک ماہ میں سفارشات کے ساتھ اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ اس ٹیم میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے 2 سویلین خفیہ ادارے انٹیلی جنس بیورو اور سندھ رینجرز کا ایک ایک نمائندہ شامل کیا گیا ہے۔ یہ جے آئی ٹی کسی بھی شخص یا سرکاری افسر سے تعاون اور تحقیقات میں کسی بھی صوبائی اور وفاقی ادارے سے مدد طلب کر سکے گی۔سرفراز مرچنٹ نے کہا کہ میرے پاس ایم کیو ایم اور ’’ را‘‘ کے درمیان تعلقات کے ثبوت موجود ہیں جنہیں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش کرونگا۔ برطانوی حکومت اور اسکاٹ لینڈ یارڈ خود یہ کہہ چکے ہیں کہ بھارت کے ساتھ ایم کیو ایم کے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایم کیو ایم اور ’’ را‘‘ کے درمیان تعلقات کے ثبوت ہیں جو سکاٹ لینڈ یارڈ نے مجھ سے انٹرویو کے دوران شیئر کئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن