چیف جسٹس کا اسلامی ثقافتی مرکز کو سینما میں تبدیل کرنے پر ازخود نوٹس
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اسلامی ثقافتی مرکز کو سینما میں تبدیل کرنے پر ازخود نوٹس لے لیا۔ معاملے کی سماعت 20 اپریل کو ہوگی۔ فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ چیف جسٹس انوار ظہیر جمالی نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے خط پر ازخود نوٹس لیا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے مرکز قرآن و سنت کو آڈیٹوریم میں تبدیل کر دیا اور 2012ء میں ایدھی ثقافتی مرکز کے آڈیٹوریم کو سینما بنا کر ٹھیکے پر دیدیا گیا۔ اب اسلامی ثقافتی مرکز کی جگہ سینما گھر چل رہا ہے جو غیرقانونی ہے۔ خط میں درخواست کی گئی کہ سپریم کورٹ اسلامی ثقافتی مرکز کو اصل حیثیت میں بحالی کرنے کا حکم دے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور نعیم الرحمن کو نوٹس جاری کردئیے گئے۔