پاکستان کپ: سلمان بٹ پنجاب ٹیم میں شامل، آفریدی، وہاب، حفیظ نہیں کھیلیں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل ہوگئی، سابق کپتان سلمان بٹ پنجاب ٹیم میں کھیلیں گے جبکہ شاہد آفریدی عمرہ کی ادائیگی اور وہاب ریاض اور محمد حفیظ انجری کے باعث ٹورنامنٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ سپاٹ فکسنگ میں سزا مکمل کرنے والے فاسٹ باولر محمد آصف کو کسی ٹیم کے کپتان اور کوچز نے اپنے سکواڈ میں شامل نہیں کیا۔ ڈرافٹنگ میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان، ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سمیت ٹورنامنٹ اور ٹیموں کے سپانسرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ فیڈرل ٹیم کے کپتان مصباح الحق، پنجاب ٹیم کے قائد شعیب ملک، کے پی کے کپتان یونس خان، سندھ ٹیم کے کیپٹن سرفراز احمد اور بلوچستان کے کپتان اظہرعلی بھی شریک ہوئے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 19 اپریل سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا جبکہ فائنل یکم مئی کو کھیل جائیگا۔پاکستان کپ 2016ء کے نام سے ون ڈے ٹورنامنٹ 19 اپریل سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان کپ پی ایس ایل کی طرز پر ہو رہا ہے۔ پاکستان کپ کی بہت اہمیت ہے،اسکی وجہ ڈرافٹنگ سسٹم متعارف کراناہے۔ پی ایس ایل بہت کامیاب رہی،پی سی بی کو بھی بہت فائدہ پہنچا، پاکستان کپ ایک اور کامیاب ٹورنامنٹ ہوگا، پاکستان کپ سے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان کپ پی ایس ایل کی طرز پر ہو رہا ہے، ہرٹیم میں انڈر 19کھلاڑیوں کا ہونا ضروری ہے، ڈرافٹنگ سسٹم سے عوام میں دلچسپی پیدا ہوگی۔ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی تنخواہیں بڑھیں گی۔