• news

نثار بلیک میل نہ کریں‘ عمران : ایک شخص نہیں پوری قوم وزیراعظم کے اثاثوں کی تحقیقات چاہتی ہے : تحریک انصاف

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) ترجمان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کی میڈیا سے گفتگو پر رد عمل میں کہا ہے وزیر اعظم کے پانامہ لیکس پر خطاب کو پوری قوم نے مسترد کیا وزیر اعظم نے ابھی تک پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کچھ نہیں کیا اور نہ ہی قوم کے کسی سوال کا جواب دیا وزیر اعظم نے درباریوں کے ذریعے صرف اپوزیشن قائدین کی کردار کشی کی۔ ایک شخص نہیں پوری قوم وزیر اعظم کے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات چاہتی ہے وزیر اعظم کی ضد کے باعث احتجاج پر مجبور ہوئے تھے وزیر اعظم کو پہلی مرتبہ حقیقی اور بیدار مغز حزب اختلاف کا سامنا ہے، دعا ہے وزیر اعظم جلد صحت یاب ہوں اور قوم کو تمام سوالوں کے جواب دیں۔
ترجمان تحریک انصاف

لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر افسوس ہوا۔ چودھری نثار کے پاس اگر کسی کی کرپشن کے ثبوت ہیں تو انہیں پکڑیں، ان کی اس بات پر افسوس ہوا کہ میاں صاحب کے بیٹے جواب دیں گے کہ پیسہ کہاں سے آیا، چودھری نثار نے کہا کہ خورشید شاہ کے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں تو انہیں پکڑنے کی ذمہ داری وزیر داخلہ کی ہے۔ نثار آپ نے اللہ کو جواب دینا ہے نواز شریف کو نہیں، امید تھی کہ نثار تحقیقات سے متعلق اعلان کریں گے۔ کون کرپٹ ہے کون نہیں فیصلہ کون کرے گا فائلیں دکھا کر لوگوں کو بلیک میل نہ کرو، پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ رائیونڈ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں۔ 24 اپریل کو تحریک انصاف کا بڑا ایونٹ ہے۔ جلد بتایا جائے گا کہ رائیونڈ مارچ کہاں سے شروع کیا جائے گا؟ چھوٹا سا ٹولہ ہے جو ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر بھیجتا ہے پھر اسی چوری کے پیسے سے دوبارہ الیکشن لڑتے ہیں۔ مے فیئر کے فلیٹ پہلے کے خریدے ہوئے ہیں منی لانڈرنگ کے پیسے سے انتخابات میں دھاندلی کراتے ہیں حسن نواز نے 31 مارچ کو لندن میں ساڑھے چھ سو کروڑ روپے کا گھر بیچا۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز نے زبردست باتیں کیں ان کا جواب کون دیگا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں 24 اپریل کے یوم تاسیس کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پانامہ لیکس پر حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق مشاورت کی گئی۔ قبل ازیں عمران خان نے کہا تھا وزیراعظم کے خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے وزراءخیراتی ادارے شوکت خانم کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ الزام لگانے والوں پر اللہ کی لعنت ہو گی۔ مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کے ٹیکس کے پیسوں پر لندن علاج کرانے جاتے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے یہاں ہسپتالوں کی حالت کو بہتر نہیں بنایا۔ ہم مخیر حضرات کی مدد سے غریب لوگوں کا مفت علاج کر رہے ہیں۔ کسی کو اس ہسپتال میں ایک روپے کی بھی کرپشن کا شک ہے تو وہ اس کے مالی معاملات کی جانچ پڑتال کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے مولا جٹ کی تنقید سے ہسپتال کے فنڈز میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔ آن لائن کے مطابق عمران آج لندن کے لیے روانہ ہونگے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ لندن کا مقصد پانامہ لیکس کی تحقیقات کی ایک کڑی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ رائےونڈ مارچ کا فیصلہ پانامہ لیکس کے حوالے سے انکوائری کمشن کے قیام سے مشروط ہے۔آن لائن کے مطابق عمرا ن خان نے کہا ہے کہ 24اپریل کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک بڑ ا ایونٹ کریں گے اور اس موقع پر اپناآئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، نوازشریف نے اپنے اثاثے چھپائے جو جرم ہے ، (ن) لیگ نے اگر بنی گالہ آنا ہے تو بڑے شوق سے آئیں لیکن مجھ سے کیا پوچھوگے کیا میں نے کرپشن کی ہے، 1993 ءمیں تو ان کے بچوں کوئی ذریعہ معاش ہی نہیں تھا، میں نے اخبار میں پڑھا کہ (ن) لیگ کے لوگ لندن جمائما کے گھر کے سامنے احتجاج کرنے جارہے ہیں مگر میرا ان سے سوال ہے کہ وہ وہاں اس سے کیا پوچھیں گے، ہم نے رائے ونڈ جاکر نوازشریف کی کرپشن کے بارے میں پوچھنا ہے۔ ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ایف آئی اے کا کام نہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، خورشید شاہ کی طرح مجھے بھی بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے پانامہ لیکس پر فرانزک آڈٹ کرانے کیلئے لندن میں 2 فرانزک کمپنیوں سے رابطہ کرلیا۔ فرانزک کمپنیوں کے ساتھ ملاقات طے پا گئی اس سلسلے میں عمران خان ‘ جہانگیر ترین ‘ علیم خان اور عون چوہدری آج صبح لندن روانہ ہوں گے۔ وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف نے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیر داخلہ شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیل سامنے لائیں، ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا ہے کہ چودھری نثار کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ججز کا تحقیقات سے انکار خود حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔

عمران خان

ای پیپر-دی نیشن