مشرف نے زبردستی نہیں بھیجا نواز شریف سعودی عرب مرضی سے گئے تھے: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 1999ء میں پرویز مشرف نے نوازشریف کو زبردستی سعودی عرب نہیں بھیجا۔ یہ فیصلہ نوازشریف کا اپنا تھا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ٹیک اوور کے بعد جب نواز شریف جیل گئے تو انہوں نے سعودی عرب جانے کے لئے منتیں کیں جبکہ شہبازشریف کوائیرپورٹ پر پتہ چلاکہ سعودی عرب جارہے ہیں، توانہوں نے انکارکر دیا پھر ائیر پورٹ پر ان کی منتیں کرکے نوازشریف انہیں ساتھ لیکر گئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے جیل میں قید اپنے ساتھیوں شاہد خاقان عباسی اور غوث علی شاہ کو بھی نہیں بتایا تھا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں، انہیں نواز شریف کے جانے کے ایک دن بعد معلوم ہوا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے کہا تھا کہ مارچ اور اپریل شریف برادران پر بھاری گزریں گے۔ پانامہ لیکس میں ابھی مزید انکشافات ہوں گے اور 25 اپریل سے قبل شریف برادران کے کچھ اور حقائق بھی سامنے آنے والے ہیں۔