• news

افغانستان :آپریشن جھڑپیں طالبان کے فرضی گورنر 3 پاکستانیوں سمیت 55 جنگجومارے گئے:وزارت دفاع

کابل(اے پی پی + آن لائن + آئی این پی) افغان فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میںطالبان کے فرضی گورنر اور 3 پاکستانیوں اور خاتون سمیت 55 شدت پسند ہلاک اور 47زخمی ہوگئے جبکہ 2 افغان فوجی بھی مارے گئے،ادھر افغان انٹیلی جنس نے صوبہ خوست میں حقانی نیٹ ورک کی جانب سے ایک بڑے حملے کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں زمینی اور فضائی آپریشن کیے ہیں۔ صوبہ قندوز کے ضلع چھاردار میں آپریشن کے دوران 7 شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ سرائے پل کے ضلع سیاد،جائوجان کے ضلع قوش ٹاپا اور صوبہ بلغ کے ضلع چھاہار بولوک میں کاروائیوں کے دوران 10 شد ت پسند ہلاک اور 23 دیگر زخمی ہوگئے ۔غزنی صوبہ کے ضلع قاراباغ میں ایک علیحدہ آپریشن میں 11شدت پسند مارے گئے۔ شدت پسندوں کے گروپ کا ایک کمانڈر جس کی شناخت سمیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے صوبہ لغمان کے علاقے تانگی ابریشم میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑ پ میں مارا گیا۔ افغان نیشنل آرمی نے شفق آپریشن قارا باغ، اب بند اور دہہ یاک کے اضلاع میں شروع کیا ہے ۔صوبہ بغلان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں طالبان کا فرضی ضلعی گورنر قاری عبدالواسع مارا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے مشرقی صوبہ نورستان میں 3پاکستانی شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے صوبہ خوست میں حقانی نیٹ ورک کی جانب سے ایک بڑے حملے کی سازش کو ناکام بنادیا۔این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایس نے بڑی مقدار میں اسلحہ ،دھماکہ خیزمواد اپنے قبضے میں لیا ہے جسے دہشتگرد حملوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ برآمد ہونے والے مواد میں 30 اے کے 47 رائفلز،2 رائفلز،اے کے 47 کے 3000 رائونڈز،2دیسی دھماکہ خیزبم ڈیوائسز،گاڑیوں کی 4 پاکستانی جعلی نمبرپلیٹیں،ایک گاڑی ،5 فوجی وردیاں شامل ہیں۔ کنڑ میں تودہ گرنے ے ایک ہی خاندان کے 7 افراد مارے گئے۔ لغمان میں سکول پر مارٹر کا گولہ گرنے سے دو طالب علم ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ، ادھر بادغیس میں جھڑپوں کے دوران خاتون سمیت 6 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ مشرقی صوبہ کنٹر میں تودہ گرنے سے ایک ہی خاندا ن کے7 افراد مارے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن