پانامہ لیکس : وزیراعظم ان کی فیملی‘ دیگر سیاستدانوں کی نااہلی کیلئے درخواستیں ہائیکورٹ سے الیکشن کمشن‘ حکومت کو نوٹس جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پانامہ رپورٹس کی روشنی میں منی لانڈرنگ اور اثاثے چھپانے پر وزیراعظم اور ان کی فیملی سمیت دیگر سیاستدانوں کے خلاف نیب سے تحقیقات کرانے اور پانامہ لیکس کی روشنی میں عوامی عہدے رکھنے والی شخصیات کو نااہل قرار دلوانے کیلئے دائر درخواستوں پر وفاقی حکومت‘ الیکشن کمشن اور اٹارنی جنرل سمیت دیگر مدعا علیہان سے جواب طلب کر لیا اور سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ جسٹس شاہد وحید کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما گوہر نواز سندھو سمیت متعدد درخواست گزاروں نے مو¿قف اختیار کیا کہ وزیراعظم سمیت متعدد سیاستدانوں نے غیرقانونی طورپر رقم بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی۔ وزیراعظم نے ذاتی حیثیت میں یہ اقدام کیا جس کے بعد وہ عوامی عہدے کیلئے اہل نہیں رہے۔ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمشن کے قیام کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمشن کی تشکیل کا حکم صادر کیا جائے۔ عدالت پانامہ لیکس کے معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے بھی احکامات صادر کرے جبکہ وزیراعظم سمیت ان کے صاحبزادوں حسین نواز‘ حسن نواز‘ مریم نواز اور رحمن ملک کو انتخابات کیلئے نااہل قرار دیدیا جائے۔