• news

پانامہ لیکس: اپوزیشن متفق ہو جائے تو حکومت کمشن بنا دے گی: رانا تنویر

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے مسئلہ پر اپوزیشن کے متفق ہو نے پر کمیشن تشکیل دے دیا جائے گا، عمران خان شروع دن سے دھرنوں کی سیاست کر رہے ہیں، انہیں ملکی ترقی کے منصوبے پسند نہیں، جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے پانامہ لیکس پر شورشرابہ کیا حکومت نے اس مسئلہ پر پہلے سے کلیئر کہہ دیا ہے کہ کمیشن بنایا جائے گا جبکہ وزیراعظم نے خود کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کسی ایک نقطہ پر متفق ہوجائیں اگر انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمشن بنانا ہے ، ایف آئی اے سے تحقیقات کرانی ہیں، فرانزک آڈٹ کے ذریعہ تحقیقات کرانی ہیں تو حکومت تیار ہے پہلے اس مسئلے پر اپوزیشن متفق ہو جائے تو پھر حکومت اس حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم علاج کی غرض سے لندن گئے ہیں آئندہ ہفتہ وطن واپس آئیں گے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان کو ملکی ترقی کے منصوبے پسند نہیں جبکہ حکومت کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ان کی وزیراعظم بننے کی خوواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن